mehbooba mufti

1200 سب انسپکٹروں کے بھرتی عمل میں مبینہ بدعنوانی اوردھوکہ دہی کامعاملہ

نقدی کے بدلے نوکریوں کے اس گھوٹالے سے کس کو فائدہ ہوا:محبوبہ مفتی

سری نگر//جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈکی جانب سے جموں وکشمیر پولیس میں1200سب انسپکٹروںکی بھرتی کے عمل میں ہوئی مبینہ بدعنوانی اوردھوکہ دہی کامعاملہ ہنوز ایک معمہ بناہوا ہے ،کیونکہ شکایت کنند گان کوایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی والی تین رُکنی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کاانتظار ہے ،جو لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی ہدایت پر10جون 2022کوتشکیل دی گئی ،اورکمیٹی ھٰذا کو15دنوںمیں اپنی سفارشات پر رپورٹ حکومت کوپیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیر پولیس میں1200نئے سب انسپکٹروںکی بھرتی عمل میں لانے کیلئے جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈکی جانب سے27مارچ2022کوتحریری امتحان کاانعقاد کیاگیا ،جس میں لگ بھگ97ہزار اُمیدواروںنے حصہ لیا۔ماہ جون 2022کے اوائل میں سروس سلیکشن بورڈکی جانب سے منتخب قرار دئیے گئے اُمیدواروںکی فہرست جاری کئے جانے کے بعداُمیدواروں کے انتخاب کولیکر ہنگامہ بپا ہوا۔جموںمیں ہزاروں اُمیدواروںنے سڑکوں پر نکل کر بھرتی عمل پرسوال اُٹھائے اورایس ایس بی افسروں پر بدعنوانی ،طرفداری ،اقرباپروری اوردھوکہ دہی جیسے سنگین الزامات عائد کئے گئے جبکہ ساتھ ہی ناکام قرار دئیے گئے اُمیدواروںاوراُن کے رشتہ داروںنے اس بھرتی کیخلاف سوشل میڈیا پر بھی مہم چلائی ۔نیرج کندن نمی ایک صارف نے سوشل میڈیا میں لکھا’’JKSSBرشوت لے رہا ہے اور نتیجہ میں ہیرا پھیری کر رہا ہے۔JKPSIمیں140+نمبروں والے طلباء کےFAAمیں کم اسکورتھے،لائبریری میں امتحانی مرکز کیساتھ اکھنور سے40طلباء کا انتخاب کیا گیا‘‘۔ایک اورصارف نے لکھاکہ ٹاپ لسٹ میں 20 خاندانوں کے بہن بھائی۔اس معاملے کو دیکھنے کیلئےjkssbofficials سے اپیل کریں۔ براہ کرم اس معاملے کو دیکھیں۔ ان تمام سرشار طلباء کیلئے انصاف جو اس عہدے کے مستحق ہیں۔1200سب انسپکٹروںکی بھرتی یاانتخاب میں مبینہ بدعنوانی اورطرفداری کیخلاف جموںمیں زورداراحتجاج کے بعدجموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے 9جون کویہ اعلان کیاکہ اس معاملے کی تحقیقات عمل میں لائی جائیگی اوراگر کچھ غلط ہوا ہوگاتواس انتخاب کاکالعدم قرار دیکر نئے سرے سے بھرتی عمل میں لائی جائیگی ۔اگلے روز یعنی10جون 2022کوحکومت کی جانب سے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ،جسکاسربراہ فائنانشل کمیشنر وایڈیشنل سیکرٹری ہوم آرکے گوئل کوبنایا گیا۔حکومت کے پرنسپل سیکرٹری منوج کماردویدی کی جانب سے جاری حکومتی آرڈرمیں مزید کہاگیاکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کی سربراہی والی تین رکنی انکوائری کمیٹی اس سارے عمل سے جڑے معاملات کی چھان بین کرکے اپنی سفارشات پرمبنی رپورٹ15دنوںکے اندراندر حکومت کوپیش کرنے کی مکلف ہوگی ۔تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود ابھی بھی شکایت کنند گان کواس انکوائری رپورٹ کابے صبری سے انتظار ہے ۔دریں اثناء پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کواس معاملے پراپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا’’J&KSI پوسٹوں میں بوسیدہ بھرتی گھوٹالہ کے بے نقاب ہونے کے بعد، یہ واضح ہے کہ جموںوکشمیر میں بدعنوانی میں نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہے۔انہوںنے سوال کیاکہ نقدی کے بدلے سرکاری نوکریوں کے اس گھوٹالے سے کس کو فائدہ ہوا؟ بھرتی کرنے والے ادارے بھی بدعنوانی میں دھنسے ہوئے ہیں۔