نئی دہلی/یو این آئی// ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت نے ہندستان اور جاپان کے درمیان ہنرمندی کے فروغ نیز ہنر مند افرادی قوت کی آمد و رفت کو مضبوط کرنے کے مقصد سے جمعہ کے روز یہاں ہند -جاپان اسٹیک ہولڈر مشاورتی اجلاس کا اہتمام کیا۔ ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت نے جمعہ کے روز بتایا کہ اس میں وزارتِ خارجہ، ریاستی حکومتوں اور سینڈنگ آرگنائزیشنز کے نمائندوں کے ساتھ جاپان حکومت، جاپانی صنعت، بھرتی ایجنسیوں، تربیتی شراکت داروں اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں روزگار کے لیے بھارتی نوجوانوں کو جاپان کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے پر بالخصوص زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں 2025 میں 15 ویں ہند – جاپان سالانہ سربراہ اجلاس کے دوران جاری کردہ ہند-جاپان انسانی وسائل کے تبادلے اورایکشن پلان کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ روزگار سے متعلق تربیت، جاپانی زبان اور ثقافت کی تربیت، تسلیم شدہ اندازہ قدر، مالکان کے ساتھ بہتر ربط و ضبط اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے جیسے اہم امور شامل رہے ۔ ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کے مملکتی وزیر جینت چودھری نے کہا کہ ہندستانی نوجوانوں کو درست مہارت، اعتماد اور تیاری کے ساتھ عالمی سطح پر روزگار کے مواقع تک پہنچنے کے قابل بنانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقصد صرف بیرونِ ملک روزگار کے راستے تیار کرنا نہیں، بلکہ نوجوانوں کو تکنیکی مہارت، زبان کی صلاحیت اور جائے ملازمت کی سمجھ سے آراستہ کرنا ہے ۔ جاپانی سفیر اونو کیئیچی نے کہا کہ جاپان میں ہنر مند انسانی وسائل کی بڑھتی ہوئی مانگ اور ہندستان کی نوجوان صلاحیتوں کی بڑی تعداد ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی ہیں۔ انہوں نے ہنرمندی کے فروغ، جاپانی زبان کی تربیت اور قابلِ اعتماد روزگار کے راستوں کے ذریعے دونوں ممالک کی صلاحیتوں کو جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔










