گھر سے لاپتہ14سالہ لڑکے کی نعش نالہ مدومتی برآمد

یہ حادثاتی موت تھی یا کوئی اوروجہ ہے،تحقیقات شروع:ـ پولیس

بانڈی پورہ// شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں گویوار سونروانی علاقے کے نزدیک نالہ مدومتی میں منگل کو دیر شام ایک14 سالہ لڑکا ڈوب کر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کی لاش کو بسیارتلاش کے بعدبدھ کے روزبرآمد کیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق منگل کی شام گویوار سونروانی بانڈی پورہ کاایک چودہ سالہ لڑکا مبینہ طور پراپنے گھر سے ’لاپتہ‘ ہوگیا۔اہل خانہ کے بقول 14سالہ زاہد احمد ماگرے ولد مقصود احمد ماگرے منگل کی سہ پہر4 بجے کے قریب گھر سے نکلا۔لڑکے کے واپس نہ آنے کے بعد، اہل خانہ نے پڑوسیوں اور رشتہ داروں سے یہ جاننے کے لیے رابطہ کیا کہ آیا وہ کسی جگہ پر موجود ہے تاہم جب انہیں کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا، تو انہوں نے بدھ کی صبح چودہ سالہ لڑکے کے پُراسرارطورپر لاپتہ ہونے کی اطلاع پولیس کودی ۔یہ شبہ ہونے پر کہ مذکورہ کمسن لڑکا مدھومتی نالہ میں ڈوب گیاہے ،ایس ڈی آر ایف، مارکوس، پولیس اور فوج کی طرف سے مشترکہ تلاشی آپریشن کے ایک گھنٹے بعدلڑکے کی نعش کواسی نالے سے برآمد کیا گیا جبکہ کشن گنگا پن بجلی پروجیکٹ کے حکام سے نالہ مدومتی میں پانی کے بہاؤ کو کم کرنے کی بھی درخواست کی ہے، تاکہ ریسکیو آپریشن آسانی سے چل سکے۔واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اس لڑکے کے ڈوبنے کی ممکنہ وجہ کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات کو مناسب طور پر مدنظر رکھا جائے گا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا یہ حادثاتی موت تھی یا کوئی اوروجہ ہے۔