ہلاکتوں کی تعداد5تک پہنچ گئی ،حادثے پر لیفٹنٹ گورنر کا اظہار رنج ، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی
سرینگر // وسطی ضلع گاندربل کے گگن گیر سونہ مرگ علاقے میں پیش آئے المناک حادثے میں ایک اور شہری کی نعش بر آمد کر لی گئی جس کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد پانچ تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک ہنوز لاپتہ ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سونہ مرگ کے گگن گیر علاقے میں المناک حادثے کے دوران نالہ سندھ میں گاڑی گر نے کے بعد دو لاپتہ افراد میں سے ایک کی نعش بر آمد کر لی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ اس حادثے میں پہلے ہی ایک ہی کنبے کے تین افراد سمیت چار سیاح لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ دو لاپتہ تھے جن میں سے ایک کی نعش بر آمد کر لی گئی ہے ۔ نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ نالہ سندھ سے سوموار کی صبح ایک اور لاش برآمد ہوئی ہے جس کے بعد حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد 5تک پہنچ گئی ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے ا سکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاپتہ ہونے والے دو افراد میں سے ایک کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ دوسری لاش کو تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ نعش کی بازیابی کے بعد اس کو طبی لوازمات کیلئے پرایمئری ہیلتھ سنیٹر سونہ مرگ منتقل کیا گیا ہے جس کے بعد آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں ابھی ایک شہری لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے ۔ ادھر جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے سونمرگ میں سڑک حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ میں گاندربل کے سونمرگ میں ایک بدقسمت سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر بہت افسردہ ہوں۔ غم کی اس گھڑی میں، میرے خیالات سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔سنہا نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور ضلع انتظامیہ کو تمام ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تمام ضروری مدد فراہم کریں، جیسا کہ اصول میں فراہم کیا گیا ہے۔










