19سالہ طالب علم پرچاقوسے کئی وار ,JVCمیں زیرعلاج،2حملہ آور گرفتار،چاقوبرآمد:پولیس
سری نگر//گورنمنٹ پولی ٹیکنیک کالج بمنہ سری نگرمیں اُسوقت سراسیمگی پھیل گئی ،جب منگل کی دوپہر کالج کے ایک19سالہ طالب علم کو چاقو کے وار سے زخمی کیاگیا ۔پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے2نوجوانوںکو گرفتار کیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ پولی ٹیکنیک کالج بمنہ سری نگرکے احاطے میں ایک جھگڑے کے بعد2افرادنے کالج میں زیرتعلیم طالب علم مہران احمد کھورئو ولد پرویز احمد کھورئو ساکن سوپور پر چاقو سے وار کیا ۔ذرائع نے بتایاکہ مہران احمد کوسینے، کمر کے نچلے حصے اور سر میں چھرا گھونپ کر زخمی کر دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ نوعمر لڑکے کو جلد ہی جائے وقوعہ سے نکالا گیا اورJVCاسپتال بمنہ لے جایا گیا، جہاں اُسکی مجموعی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا گیا اور سنگین جرم کرنے کے الزام میں دونوں کو گرفتار کر لیاگیا۔پولیس نے مزید بتایاکہ19سالہ مہران احمدساکنہ سوپور کو چاقوکے وار سے حملہ کرکے زخمی کرنے کی پاداش میں 2ملزمان ابرار شبیر ولد شبیر ڈار ساکنہ ڈونی واری چاڈورہ اور راحیل علی ولد علی محمد پہلو ساکنہ لالچوک حال ڈلگیٹ سری نگر کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس واقعے کی مناسبت سے پولیس تھانہ بمنہ میں ایف آئی آر نمبر 89/2023 درج کی گئی اور ملزمان سے جرم کا ہتھیار بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔










