سری نگر//گزشتہ2برسوں کے مقابلے میں رواں سال ماہ جنوری کے دوران گلمرگ ،پہلگام اورکوکرناگ میں کافی زیادہ برف باری ہوئی جبکہ قاضی گنڈ میں امسال ،گزشتہ برس سے زیادہ تاہم سال2021سے کم برف باری ریکارڈ کی گئی ۔وادی کے شمال وجنوب بالائی علاقوں بشمول گریز ،مژھل ،رازدان ٹاپ ،سادھنا ٹاپ میں بھی امسال گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ برف باری ہوئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی دفتر کی جانب سے مرتب کردہ اعدادوشمار میں بتایاگیاہے کہ شمالی کشمیرمیں واقع مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں جنوری2023کے دوران258.3سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی ،جوجنوری2022میں ریکارڈ کی گئی برف194.3سینٹی میٹر سے 64سینٹی میٹر زیادہ ہے جبکہ جنوری 2021کے دوران گلمرگ میں 112.6سینٹی میٹر برف باری ہوئی تھی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیرمیں واقع معروف سیاحتی مقام پہلگام میں بھی امسال جنوری کے مہینے میں اچھی خاصی برف باری ہوئی ۔اعدادوشمار کے مطابق سیاحتی مقام پہلگام میں جنوری2023کے دوران212.6سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی ،جوجنوری2022میں ریکارڈ کی گئی برف106.0سینٹی میٹر سے 106.6سینٹی میٹر زیادہ ہے جبکہ جنوری 2021کے دوران پہلگام میں 108.4سینٹی میٹر برف باری ہوئی تھی ۔محکمہ موسمیات کے مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنوبی ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقہ میں بھی رواں سال ماہ جنوری میں کافی زیادہ برف باری ہوئی ۔اعدادوشمار میں بتایاگیاہے کہ کوکرناگ میں جنوری2023کے دوران162.5سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی ،جوجنوری2022میں ریکارڈ کی گئی برف59.9سینٹی میٹر سے 103.5سینٹی میٹر زیادہ ہے جبکہ جنوری 2021کے دوران کوکرناگ میں 118.0سینٹی میٹر برف باری ہوئی تھی ۔ضلع اننت ناگ کے قاضی گنڈ علاقہ میں جنوری2023کے دوران146.4سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی ،جوجنوری2022میں ریکارڈ کی گئی برف72.8سینٹی میٹر سے 73.6سینٹی میٹر زیادہ ہے جبکہ جنوری 2021کے دوران قاضی گنڈ میں 162.9سینٹی میٹر برف باری ہوئی تھی ،جوجنوری2023میں ریکارڈ کی گئی برف باری سے16.5سینٹی میٹر زیادہ تھی ۔










