2مقامی افراد ہلاک،ملی ٹنٹوں کے معاون تھے :پولیس
کپوارہ//شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں گولیوںکے تبادلے میں2افرادہلاک ہوگئے ۔پولیس کے مطابق جائے فائرنگ سے بڑی مقدارمیں ہتھیار اورمنشیات کے پیکٹ برآمد کئے گئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اسلحہ اور منشیات کا ذخیرہ حاصل کرنے اور ملی ٹنٹوں کودراندازی کی سہولت فراہم کرنے آئے تھے۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے منگل کوایک بیان میں بتایا کہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے کیرن سیکٹر میں انڈیا گیٹ بیچو کے جنرل علاقے میں سرحدی باڑ کے قریب فوج کی طرف سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران2افراد کو گولی مار دی گئی۔بیان میں پولیس نے فوج کے حوالے سے کہاکہ 28جون کو تقریباً12بجکر 15منٹ پر کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں انڈیا گیٹ بیچو کے مقام پرسرحدی باڑ کے قریب فوج کی ایک گشتی پارٹی کو کچھ مشتبہ نقل و حرکت دیکھی ۔ مشتبہ نقل و حرکت کو فوج کی گشتی پارٹی نے چیلنج کیا تھا۔ چیلنج کئے جانے پر سرحدی باڑ کی جانب سے گشتی پارٹی پر فائرنگ کی گئی ، جس پرجوابی کارروائی کی گئی۔ تلاشی کے دوران سرحدی باڑ کے ایک طرف 2 افراد مردہ پائے گئے جن کے قبضے سے 4 اے کے رائفلز، 8 میگزین اور منشیات کے 2 پیکٹ تھے جبکہ باڑ کے دوسری طرف سے مزید 2 اے کے رائفلیں، میگزین اور4 دستی بم برآمد ہوئے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ مارے گئے2مقامی افراد ماجد چیچی اور شمس الدین بیگ اسلحہ اور منشیات کا ذخیرہ حاصل کرنے اورسرحدی باڑ پر واقع روٹہ نار کے عام علاقے میںملی ٹنٹوں کی دراندازی کی سہولت فراہم کرنے آئے تھے۔بیان کے مطابق تلاشی آپریشن میں جنگی سامان برآمد کیا گیا ہے جس میں 5، اے کے 47 اور 56 رائفلیں ،ایک اے کے رائفل شارٹ گن ،15، میگزین،گولیوں کے درجنوں رائونڈ اورمنشیات کے2پیکٹ شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔










