کشمیریونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض
ہندوارہ//کشمیر یونیورسٹی سرینگر کے شعبہ اردو کے ایک متحرک ریسرچ اسکالر محمد اقبال لون کو ان کے پرمغز تحقیقی مقالے بعنوان’’ شمس الرحمن فاروقی کی فکشن شعریات اور فکشن نگاری: ایک تجزیاتی مطالعہ‘‘ کی تکمیل پر انہیں پی ایچ۔ ڈی ڈگری تفویض کی گئی ہے۔جے کے این ایس نامہ نگار طارق راتھر کے مطابق محمد اقبال لون نے اپنا مقالہ نظامت فاصلاتی تعلیم کشمیر یونیورسٹی کے سنیئر استاد ڈاکٹر الطاف انجم کی نگرانی میں مکمل کیا ہے۔واضح رہے محمد اقبال لون ایک محنتی اسکالر ہے موصوف نے اپنی تحقیق کے دوران اردو کے قدآور نقاد شمس الرحمن فاروقی سے طویل ملاقات کی جو بذات خود اپنے آپ میں باعث فخر ہے اور جس سے ان کی تحقیقی صلاحتیں سامنے آجاتی ہیں۔مزید برآں انھوں نے تحقیقی مقالے کے سلسلے میں اردو کے کئی کہنہ مشق ناقدین اور محققین سے اپنے موضوع کی مناسبت سے استفادہ کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے جن میں پروفیسر انیس اشفاق،پروفیسر ابواکلام قاسمی،مرحوم حسین الحق،پروفیسراحمد محفوظ،پروفیسرشہناز نبی،محمود ملک،پروفیسر قدوس جاوید،وغیرہ شامل ہیں۔مقالہ کے ممتحین جن جواہر لعل یونیورسٹی کے سنئیر استاد پروفیسر شاہد حسین اور بنارس ہندویونیورسٹی کے استاد پروفیسر نسیم احمد شامل تھے نے موصوف کے کام کو بہت سراہا ہے اور اس مشکل تحقیقی کام کے احسن تکمیل پراسکالر کی صلاحیتوں کی داد دی۔وایوا کے ایکسپرٹ پروفیسر شاہد حسین نے اوپن وایوا میں موصوف کو موضوع کے تعلق سے کئی سولات پوچھے جن کے تشفی بخش جوابات ملنے پر انہیں خراج تحسین پیش کی ہے۔ڈین ارٹس کشمیر یونیورسٹی پر وفیسر عادل کاک اور صدر شعبہ اردو پروفیسر اعجاز محمد شیخ نے بھی اس مشکل موضوع پر کام کرنے کے لیے مبارک دی۔اسکالر موصوف کی اب کئی تین کتابیں شایع ہوچکی ہیں جن میں فرید پربتی کے شخصی وادبی جہات،نقدمیر۔شعر شور انگیز کے حوالے سے اور نورشاہ۔فکر اور فکشن شامل ہیں۔اس کے علاوہ ان کے مضامین اور تحقیقی مقالے قومی اور بین الاقوامی رسائل و جرائد میں متواتر شائع ہوتے ہیں جن میں خاص طور سے ماہنامہ آجکل،ایوان اردو،اردو دنیا،سہ ماہی فکر ونظر ،جہان اردو،شیرازہ اردو قابل ذکر ہیں۔ یہاں پر یہ بات قابل ذکر ہے کہ موصوف اب تک کئی سرکاری محکموں اپنے فرائض انجام دیچکے ہیں جن میں محکمہ مال،محکمہ تعلیم ( اعلٰی و ثانوی سطح ) شامل ہیں اس کے علاوہ موصوف مولاناآزاد نیشنل یونیورسٹی حیدر آباد سٹڈی سنٹر کپوارہ میں کافی وقت تک ایم۔اے اردو کے کارڈنیٹر اور کونسلر رہے۔محمد اقبال لون فی الوقت جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ ،کلچرانیڈ لنگویجز سرنگر کے شعبہ اردو کے ایڈرویل بوروڈ سے وابستہ ہیں۔ماہنامہ’’ شیرازہ اردو ‘‘اور سال نامہ ’’ہماراادب‘‘ کی ترتیب وتہذیب اور دیگرادبی وثقافتی سرگرمیوں میں منہمک ہیں۔پی ایچ ڈی ڈگری کے ایوارڈ ہونے پرشعبہ اردو کشمیر یونیورسٹی اور نظامت فاصلاتی تعلیم کشمیر یونیورسٹی کے تمام استاتذہ اور غیر تدریسی عملہ نے انہیں مبارک باد دی ہے۔اس کے علاوہ شعبہ اردو کے تمام ریسرچ اسکالرز،دوستوں اور محبان اردو نے بھی ہدیہ تہنیت پیش کی۔










