کولگام کے تین بلاکوں میں ’میگا بلاک دیوس ‘کا اِنعقاد

کولگام //ضلع اِنتظامیہ کولگام نے آج ضلع کے تین بلاکوں میں ’ میگا بلاک دیوس ‘ کا اِنعقاد کیا تاکہ عوامی مسائل ، شکایات اور مطالبات کا جائزہ لیا جاسکے۔پروگرام کے دوران ضلع کے ڈی ایچ پورہ، کولگام اور دیوسر بلاکوں میں تقریبات کا اِنعقاد کیا گیا۔تینوں مقامات پرمحکموں کے اَفسران اورملازمین نے لوگوںکے مسائل، شکایات اور ان کے بروقت ازالے کے مطالبات سنے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) کولگام وقار احمد گیری نے کولگام میں شکایات ازالے کیمپ کی صدارت کی اور لوگوں کی شکایات اور مسائل سنے۔دوران کیمپ جے ڈی پی زاہد سجاد، اے سی آر میر امتیاز العزیز، اے سی ڈی محمد عمران، اے سی پی شرجیل علی اور دیگر افسران موجود تھے۔سرندو، میرہامہ، اشتھل، وٹو، لامد، قیمو اور دیگر علاقوں کے لوگوں نے افسران کو اَپنے مطالبات سے آگاہ کیا جن میں ماہی پورہ۔مرہامہ روڈ کی تعمیر، شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی، زیارت شریف قیمو کے قریب پل کی تعمیر، لامد میں مالدار روڈ کے بقیہ حصے کی تعمیر شامل ہیں۔مختلف علاقوں کے لوگوں نے اَپنے علاقوں میں ایل ٹی پاور نیٹ ورک کو بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا۔ موجود افسران نے موقعہ پر اَپنے محکموں سے متعلق لوگوں کے سوالات اور مطالبات کا جواب دیا۔اے ڈی سی نے لوگوں کو بغور سنا اور فوری نوعیت کی شکایات کو موقعہ پر ہی حل کیا اور یقین دِلایا باقی جائز مسائل او رشکایات کا بروقت اَزالہ کیا جائے گا۔