کشتواڑ//سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ نے ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں مختلف شراکت داروں کے ساتھ ایک اہم اِستفساری سیشن کا اِنعقاد کیا جس میں گڈز اینڈ سروسز ٹیکس کی عمل آوری پر توجہ مرکوز کی گئی۔تقریب کا مقصد شراکت داروں اور اَفسران کے درمیان بات چیت کا آسان بنانا ، بیداری کو فروغ دینا اور ٹیکس کے ضوابط کی تعمیل کرنا تھا۔استفساری سیشن کی صدارت کمشنر سٹیٹ ٹیکسز جموںوکشمیرڈاکٹر رشمی سنگھ نے کی۔سیشن میں ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹردیونش یادو ، ایڈیشنل کمشنر سٹیٹ ٹیکسز جموں نمرتا ڈوگرہ ، ٹریڈرز ایسو سی ایشن کے ممبران ، کنٹریکٹروں ، مختلف شراکت داروں او رکشتواڑ سرکل کے سٹیٹ ٹیکسز آفیسر نے شرکت کی۔اِستفساری سیشن نے بات چیت کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔تقریب میںایک تفصیلی پی پی ٹی پرزنٹیشن شامل تھی جس میں جی ایس ٹی کی وصولی اور ٹیکس دہندگان کے اِندراج میں حالیہ کامیابیوں کو دِکھایا گیا ہے۔شراکت داروں کو ملک بھر میں جی ایس ٹی قوانین کے بارے میں تازہ ترین اَپ ڈیٹس کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ مزید برآں، جی ایس ٹی سے متعلق خدشات اور سوالات کا اَزالہ کیا گیا جس سے تاجروں ، مینو فیکچررروں ، دُکانوں کے مالکان اورریٹیلروں کو وضاحت فراہم کی گئی۔ایڈیشنل کمشنر سٹیٹ ٹیکسز جموں نمرتا ڈوگرہ نے شرکأ سے خطاب کرتے ہوئے پالیسی معاملات کے حوالے سے ٹریڈ یونینوں اور صنعتی اَنجمنوں کی تجاویز کی حوصلہ اَفزائی کی۔ کمشنر سٹیٹ ٹیکسز ڈاکٹر رشمی سنگھ نے شراکت داروںپر زور دیا کہ وہ ٹیکس کی تعمیل اور ریٹرن کی بروقت فائلنگ کو ترجیح دیں۔ اُنہوں نے مختلف شراکت داروں کے ساتھ مل کر باقاعدہ پبلک آؤٹ ریچ پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔ اِس موقعہ پرتکنیکی خرابیوں کو دور کرنے اور ای وے بلوںورسیدوں کے مناسب اجراء کو فروغ دینے میں ایس ٹی او آفس کشتواڑ سرکل کے ہیلپ ڈیسک اور سہولیت مرکز کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔اِس سیشن نے تاجروں، ٹھیکیداروں اورشراکت داروں کی طرف سے پیش کردہ مسائل اور تجاویز کو حل کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔ کمشنر کی طرف سے خدشات کو فوری طور پر دور کیا گیا۔کمشنر نے جی ایس ٹی کے موثر اور بغیر کسی رکاوٹ کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے ضلع میں ایک خصوصی فلائنگ سکارڈ کی عمل آوری کا بھی یقین دلایا۔اُنہوں نے اپنے خطاب میں ٹیکنالوجی کے منصفانہ اِستعمال کے ذریعے ٹیکس وصولی میں شفافیت اور جوابدہی کو بڑھانے کے لئے شراکت داروںکے درمیان باہمی تعاون اور ذمہ دارانہ رویے کی ضرورت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر ڈی سی ہیڈکوارٹر سٹیٹ ٹیکسز آشیما شیر، ایس ٹی او کشتواڑ منیت شرما اور ضلع انتظامیہ اور سٹیٹ ٹیکسز محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔










