سرینگر//کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے اور نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ، بڈگام میں پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں تقریب منعقد کرکے کشمیر پریمیئر لیگ2021جیتنے پر بڈگام کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی بڈگام ، جناب طاہر سلیم(جے کے پی ایس) نے جیتنے والے کھلاڈیوں کو یہ کارنامہ سرانجام دینے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ دیگر نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی ترغیب دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کھیل کسی فرد کی مجموعی شخصیت کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بڈگام پولیس کے فراہم کردہ پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔کھلاڑیوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ، ایس ایس پی بڈگام نے انہیں تعریفی اسناد سے نوازا۔ تقریب میں ڈی وائی ایس پی ڈی آربڈگام اور دیگر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔کشمیر پریمیئر لیگ 2021 کا اہتمام آرمی کے15 ویں کور سرینگرنے کیا تھا جو 28جولائی 2021 کو شروع ہوا۔ وادی بھر سے کل 196 ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 29 اگست 2021 کو بڈگام بہادروں اور شاہی شوپیاں کے درمیان کھیلا گیا جس میں بڈگام بہادر شاہی شوپیاں کو شکست دے کر فاتح بن کر سامنے آئے۔










