قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں ملک بھر سے یونیورسٹی ملازمین کی 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں
چٹھہ// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے 22ویں آل اِنڈیا وائس چانسلرز ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کا کرکٹ گرائونڈ شیرکشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی آف جموں (ایس کے یو اے ایس ٹی ۔ جموں)چٹھہ کے مین کیمپس میںاِفتتاح کیا۔سکاسٹ جموں کی میزبانی میں 13 سے 23 ؍نومبر تک جاری رہنے والے اس باوقار نیشنل لیول ٹورنامنٹ میں ملک کے مختلف حصوں سے یونیورسٹیوں کی 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں جموں و کشمیر کی چھ اور دیگر رِیاستوں کی 18 ٹیمیں شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سکاسٹ جموں حصہ لینے والی یونیورسٹیوں اور ان کے وائس چانسلروں کو یونیورسٹی کے ملازمین کو کھیلوں کے مشترکہ پلیٹ فارم پر اِکٹھا کرنے پر مُبارک باد دِی۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ایک خوش آئند اقدام ہے جس نے یونیورسٹی کے ملازمین کے تعاون کو تسلیم کرنے اور منانے کا موقع فراہم کیا جو تعلیمی اِداروں کو مضبوط بنانے میں پس پردہ کام کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’یونیورسٹیاں صرف طلبأ کے لئے نہیں ہوتیں، انہیں وہ لوگ بھی بناتے ہیں جو پس پردہ کام کرتے ہیں تاکہ یہ ادارے روشن ہوں۔ اکثر ان ملازمین کو سامنے آنے کا موقع نہیں ملتا۔ یہ ٹورنامنٹ انہیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور کھیل کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔‘‘وزیر اعلیٰ نے اِس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ٹورنامنٹ کاجذبہ مقابلے سے آگے بڑھ کر ہونا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹیمیں میدان میں ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گی لیکن اصل کامیابی جموں میں اپنے قیام کے دوران قائم ہونے والی دوستی اور بندھن ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا لازمی حصہ ہیں اور شرکأپر زور دیا کہ وہ دونوں کے ساتھ برابری سے پیش آئیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کامیابی اور ناکامی عارضی ہوتی ہے جب کہ ایسے ایونٹوں کے ذریعے بننے والی دوستی اور یادیں ہمیشہ قائم رہتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے جموں و کشمیر کی حالیہ کھیلوں کی کامیابیوں کا ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک ہی ٹیم ہر بار جیتتی رہتی توجموں وکشمیر کو شاید گزشتہ سال رانجی ٹرافی اَپنے گھر لانے کا موقعہ نہ ملتا ،جو اس بات کو واضح کرتا ہے کہ مقابلہ اور بدلتی ہوئی قسمت کھیلوں کے سفر کا حصہ ہے۔اُنہوںنے جموں میں حصہ لینے والی ٹیموںکا خیرمقدم کرتے ہوئے شہر کو’’مندروں کا شہر‘‘ قرار دیا اور کھلاڑیوں کو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین کا دورہ کرنے اوربین الاقوامی سرحد کے ساتھ سرحدی سیاحتی سہولیات سمیت خطے کے ثقافتی اور تاریخی مقامات کو دیکھنے کی دعوت دی۔وزیر اعلیٰ نے مہمانوں کو جموں کی مہمان نوازی اور ضیافتوں کی روایات بالخصوص ڈوگرہ پکوان کا لطف اُٹھانے کی بھی ترغیب دی۔اِس سے قبل وزیر اعلیٰ نے میزبان سکاسٹ جموں ٹیم اورکویتری بہینا بائی چودھری نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی جلگاؤں کی ٹیم کے کپتانوں کے درمیان ٹاس کرایا ار حصہ لینے والی یونیورسٹیوں کے کھلاڑیوں سے بات چیت کی۔اِفتتاحی تقریب میں وزیر برائے زرعی پیداوار،فائنانشل، کان کنی و اِمداد باہمی جاوید احمد ڈار، وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و نگرانی، ثقافت، امورِ نوجوانان و کھیل اور اے آر آئی و ٹریننگز میر سیف اللہ اور وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر بی این ترپاٹھی نے شرکت کی اورتقریب کی صدارت کی۔تقریب کی ایک اہم خصوصیت شرکت کرنے والی یونیورسٹی ٹیموں کی شاندار پریڈ تھی جو اتحاد اور کھیل کے جذبے کی عکاسی کرتی تھی۔ اِس موقعہ پر رسمی مشعل روشنی کا مشاہدہ بھی کیا گیا جسے کھلاڑیوں نے میدان کے گرد لے جا کر وزیر اعلیٰ کے حوالے کیا جنہوں نے مرکزی رسمی مشعل کو روشن کیا۔اِس موقعہ پرمدراس رجمنٹ کی طرف سے پیش کئے گئے ثقافتی پروگرام نے تقریب کی رونق مزید بڑھا دی اور سامعین نے اسے خوب سراہا۔
وزرأ نے اس قومی سطح کے کھیلوں کے ایونٹ کی میزبانی کے لئے سکاسٹ جموں کی ستائش کی اور ملازمین اور تعلیمی اِداروں میں جسمانی تندرستی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور صحت مند کھیل کلچر کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر بی این ترپاٹھی نے اَپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ اور دیگر معززین کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے 22ویں ایڈیشن کی میزبانی یونیورسٹی اور جموں و کشمیر کے لئے بہت فخر کی بات ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ یونیورسٹی ملازمین کو اَپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کے مظاہرے، جسمانی تندرستی کے فروغ اور اَپنی معمول کی تدریسی، تحقیقی اور اِنتظامی ذِمہ داریوں سے ہٹ کر پیشہ ورانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ایک منفرد قومی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اُنہوں نے ایونٹ کو ممکن بنانے میں یونیورسٹی کے اَفسران، اَساتذہ، عملے، طلبأ اور آرگنائزنگ کمیٹی کی اِجتماعی کاوشوں کو بھی سراہا۔اِس موقعہ پرڈائریکٹر سٹوڈنٹس ویلفیئر، سکاسٹ جموں اور ایونٹ کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر سدھاکر دویدی، رجسٹرار سکاسٹ جموں پروفیسر انیل کمار، دیگر معززین کے علاوہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں سے آئی ہوئی ٹیمیں اور مندوبین بھی موجود تھے۔یہ ٹورنامنٹ جو خصوصی طور پر یونیورسٹی ملازمین کے لئے منعقد کیا گیا ہے ،23؍ نومبر تک جاری رہے گاجس میںحصہ لینے والی ٹیمیں ٹی20 میچوں کی ایک سیریز میں مقابلہ کریں گی۔ یہ ایونٹ یونیورسٹیوں کے مابین باہمی تعاون کو مضبوط بنائے گا اور جموں و کشمیر کے اِدارہ جاتی بنیادی ڈھانچے، مہمان نوازی اور ثقافتی ثروت کو اُجاگر کرنے کا موقعہ فراہم کرے گا۔










