وسائل کے بہترین اِستعمال ، صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور لوگوں کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دِیا
جموں// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود محکمہ جات سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ میں ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ اِس میٹنگ کا مقصد جموں و کشمیر میں’نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) ‘کے مختلف اجزا کے کام کاج، پیش رفت اور ان کی عمل آوری کا جائزہ لینا تھا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم سوگت بسواس، مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن جموں و کشمیر اطہر عامر الشفیع خان، ڈائریکٹر فائنانس محکمہ صحت و طبی تعلیم، ڈائریکٹر پلاننگ، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر و امیونائزیشن جموں و کشمیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اور محکمہ صحت و طبی تعلیم کے دیگر سینئراَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر صحت نے نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت مختلف شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر صحتِ عامہ کی منصوبہ بندی، مالیاتی اِنتظام، اَفرادی قوت کی دستیابی، طبی بنیادی ڈھانچے، اَدویات اور دیگر ضروری سازوسامان کی فراہمی، تشخیصی سہولیات، مریضوں کوٹرانسپورٹ سروسز اور طبی عملے کی وقت کی پابندی سمیت صحت عامہ سے متعلق دیگر اہم پہلوئوںپر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔اُنہوں نے نیشنل ہیلتھ میشن( این ایچ ایم) کے تحت مختلف اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے عمل درآمد کے طریقہ کارکو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مشن کے تحت فراہم کئے جانے والے وسائل کے نتیجے میںنچلی سطح پر صحت خدمات میں نمایاں بہتری نظر آنی چاہیے۔سکینہ اِیتو نے مالی وسائل، اَفرادی قوت اور دستیاب بنیادی ڈھانچے کے بہترین استعمال پر زور دیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ خامیوں اور کمیوں کی نشاندہی کریں اور انہیں دُور کرنے کے لئے مقررہ مدت کے اندر اِصلاحی اقدامات یقینی بنائیں۔اُنہوںنے کہا، ’’نیشنل ہیلتھ مشن عوامی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے ۔ ہماری توجہ اس بات پر مرکوز ہونی چاہیے کہ مشن کے تحت مختص کردہ ہر وسیلے کا مؤثر اِستعمال ہو اوراس سے عوام کو واضح فوائد حاصل ہوں۔وسائل کی دستیابی اور صحت خدمات کی فراہمی کے درمیان کوئی خلا نہیں ہونا چاہیے۔‘‘وزیرموصوفہ نے صحت اِداروں کی مجموعی کام کاج کو بہتر بنانے اور ضروری طبی خدمات، اَدویات اور تشخیصی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے جوابدہی اور محکموں کے مابین بہترکوآرڈی نیشن پر بھی زور دیا۔طبی خدمات بالخصوص ان علاقوں میں خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جہاں لوگوںکو طبی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔اُنہوں نے یکساں طبی سہولیات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دُور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی اتنی ہی توجہ اور معیاری طبی سہولیات ملنی چاہئیں جتنی کہ شہری مراکز میں رہنے والوں کو حاصل ہیں۔سکینہ اِیتونے کہا، ’’ہماری اوّلین ترجیح ہر شہری کے لئے معیاری طبی سہولیات کو قابلِ رسائی، کم خرچ اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔نیشنل ہیلتھ مشن کے فوائدہر شخص تک پہنچنے چاہئیں اور کسی بھی شخص کو جغرافیائی یا بنیادی ڈھانچے کی رُکاوٹوں کی وجہ سے ضروری طبی سہولیات سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے طبی عملے کی جانب سے وقت کی پابندی کو یقینی بنانے، مریضوںکو ٹرانسپورٹ کی سہولیات بہتر بنانے اور سرکاری طبی اِداروں میں اَدویات اور تشخیصی خدمات کی مناسب دستیابی یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر موصوفہ نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ میٹنگ میں اُجاگر کئے گئے تمام مسائل اور رُکاوٹوں کا دوبارہ جائزہ لیں ، مناسب لائحہ عمل تیار کریں اور ان کے بروقت ازالے کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے نیشنل ہیلتھ مشن کے مختلف اَقدامات پر عمل درآمد کی قریبی نگرانی کرنے اور خدمات کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ سطحوں پر ذمہ داری کا تعین کرنے پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے عوامی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ایک مربوط ، نتائج پرمبنی اور عوام دوست نقطہ نظر اَپنائیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ ’نیشنل ہیلتھ میشن(این ایچ ایم)‘جموں و کشمیر میں طبی سہولیات تک رسائی، ان کے معیار اور مجموعی نتائج کو بہتر بنانے کے اپنے مقاصد حاصل کر سکے۔










