کولگام حملہ : جنوبی کشمیر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات

کولگام حملہ : جنوبی کشمیر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات

مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائیاں ، متعدد مشتبہ افراد پوچھ گچھ کیلئے گرفتار

سرینگر / / این این بی // جنوبی ضلع کولگام میں سی آر پی ایف چوکی پر حملے کے بعد سیکورٹی فورسز کی بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی جاری رکھتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد پوچھ گچھ کیلئے حراست میںلیا ہے ۔ نیشنل نیوز بیوروکے مطابق ضلع کولگام میں سی آر پی ایف کی ایک چوکی پر دہشت گردانہ حملے کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے اپنی کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس نے متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا ہے، جبکہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق کولگام ضلع کے میربازار کے قریب اکھران علاقے میں قائم سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی چوکی کو دہشت گردوں نے نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی تھی۔حکام نے بتایا کہ حملے کے بعد شروع کیا گیا سرچ آپریشن جمعہ کو تیسرے روز بھی جاری رہا۔ سیکورٹی فورسز نے ضلع کے مختلف مقامات پر ناکے قائم کرنے کے علاوہ اضافی اہلکار تعینات کیے ہیں۔ حساس مقامات پر بکتر بند گاڑیاں بھی کھڑی کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ذرائع کے مطابق پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے حملے میں ملوث عناصر کی شناخت اور ان تک پہنچنے کے لیے انسانی ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاعات کے ساتھ ساتھ جدید تکنیکی انٹیلی جنس کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے تاکہ حملے سے متعلق اہم معلومات حاصل کی جاسکیں۔دریں اثنا پولیس کے سینئر افسران اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے جائے واردات کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور علاقے میں سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ حکام نے متعلقہ اہلکاروں کو چوکسی برقرار رکھنے اور تلاشی کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایات بھی دیں۔کولگام حملے کے پیش نظر وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔ سرینگر شہر سمیت مختلف علاقوں میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی جانب سے گاڑیوں کی اچانک تلاشی اور مسافروں کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں، جہاں گاڑیوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ادھر سیکورٹی حکام کے مطابق وادی میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، جبکہ کولگام حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے تلاشی کارروائی بدستور جاری ہے۔