کھلاڑیوں اور کوچوں سے بات چیت ، جموںوکشمیر میں کھیلوںکے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے ’کھیلو اِنڈیا‘ اور ’فِٹ اِنڈیا‘ اَقدامات سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور
جموں// چیف سیکرٹری ڈاکٹر سجن سنگھ یادو نے جموں شہر میں’ محکمہ امورِ نوجوان و کھیل کود‘ اور’ جموں و کشمیر سپورٹس کونسل ‘کے زیرِ انتظام کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور تربیتی سہولیات کا تفصیلی معائینہ کیا۔ اُنہوں نے ایم اے سٹیڈیم اور نگروٹہ میں واقع ’کھیل گاؤں‘ کا دورہ کرکے دستیاب سہولیات، جاری تربیتی سرگرمیوں اور کھیلوں کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے اِمکانات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں، اُبھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں اور کوچوںکے ساتھ بات چیت کی اور انہیں فراہم کردہ تربیت، بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات کے معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اُنہوں نے کھلاڑیوںسے ان کے تربیتی شیڈول، آئندہ مقابلوں میں شرکت اور اَپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے موجودہ سہولیات کو جدید خطوط پر اُستوار کرنے کی ضروریات کے بارے میں دریافت کیا۔اُنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ اَفزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اَپنے اَپنے کھیلوں میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کریں ۔اُنہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بلند اہداف مقرر کریں اور قومی سطح سمیت دیگر مسابقتی مقابلوں میں اَپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر جموں و کشمیر کا نام روشن کریں۔ اُنہوں نے معا ئینے کے دوران متعدد کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور روزمرہ زندگی میںکھیلوں کی اہمیت کو اُجاگر کیا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ کھیل کود نہ صرف جسمانی تندرستی برقرار رکھنے میںبلکہ ذہنی صحت ، نظم و ضبط، خود اعتمادی اور شخصیت کی ہمہ جہت نشوونما میں بھی اہم کردار اَدا کرتا ہے۔اُنہوںنے نوجوانوں میں ایک فعال اور مستحکم کھیلوں کا کلچر فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے متعلقہ کھیلوں کی تنظیموں کو ہدایت دی کہ ’کھیلو اِنڈیا‘ اور’ فٹ اِنڈیا‘ اَقدامات کے تحت دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوںکے لئے بہترین تربیتی سہولیات اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کریں۔ اُنہوں نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ کھیلوں کے احاطوں میں دستیاب جگہ کا دانشمندانہ اور نتیجہ خیز استعمال کیا جائے تاکہ وہاں مزید کھیلوں کی سرگرمیوں کی گنجائش پیدا ہو سکے اور نوجوانوں کو اَپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے زیادہ مواقع مل سکیں۔ڈاکٹر سجن سنگھ یادو نے مختلف کھیلوں کے شعبوں میں حاصل کی گئی کامیابیوں ، آئندہ کھیلوں کے مقابلوں کے کیلنڈر اور ان مقابلوں میں شرکت کے لئے جاری تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر میں کھیلوں کی موجودہ صورتحال اور اُبھرتی ہوئی صلاحیتوں کی نشاندہی کرنے، انہیں نکھارنے اور مختلف سطحوں پر ان کی حوصلہ اَفزائی کے لئے کئے جانے والے اَقدامات کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔اُنہوں نے کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ کھلاڑیوں کو معیاری کوچنگ، مناسب پریکٹس سہولیات اور سازگار کھیلوں کا ماحول فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ چھوڑا جائے۔ اُنہوں نے اَفسران کو یقین دِلایا کہ ان کا دفتر جائز تجاویز پر بروقت غور و منظوری کے عمل کو آسان بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا بشرطیکہ ان تجاویز کے ساتھ فعال منصوبہ بندی، اِدارہ جاتی عزم اور زمینی سطح پر قابلِ تصدیق پیش رفت بھی موجود ہو۔ڈائریکٹر جنرل اَمورِ نوجوان و کھیل کود انورادھا گپتا نے چیف سیکرٹر ی کو ’کھیل گاؤں‘ نگروٹہ میں کھیلوں کے احاطے کا دورہ کرایا۔ اِ س موقعہ پر اُنہوں نے کمپلیکس کے لے آئوٹ، موجودہ بنیادی ڈھانچے، جاری ترقیاتی کاموں اور مجوزہ سہولیات کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی جن کا مقصد اس مرکز کو خطے کے ایک مکمل’سپورٹس ہب‘ میں تبدیل کرنا ہے۔اُنہوں نے چیف سیکرٹری کو کرکٹ، فٹ بال اور جمناسٹک سمیت مختلف کھیلوں کے لئے اِضافی سہولیات قائم کرنے کی تجاویز کے علاوہ پارکنگ اوربائونڈری وال جیسے ضروری بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے بارے میں بھی جانکاری دِی تاکہ کمپلیکس کو زیادہ قابلِ رسائی، محفوظ اور تماشائیوں کے لئے موزوں بنایا جا سکے۔چیف سیکرٹر ی نے 300بستروں پر مشتمل یوتھ ہوسٹل کی تعمیراتی جگہ، ایتھلیٹکس کی سہولیات اور سائیکلنگ ٹریک کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے فٹ بال ٹرف کا بھی جائزہ لیا اور اِنڈور سٹیڈیم کا دورہ کرکے بیڈمنٹن، شوٹنگ، ووشو، فینسنگ اور دیگر کھیلوں کے لئے قائم تربیتی سہولیات کا معا ئینہ کیا۔اُنہوں نے ’کھیل گاؤں‘ میں دستیاب جگہ کودیکھنے ہوئے کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس اور جسمانی استعداد کو مزید بہتر بنانے کے لئے ایک مخصوص جمنازیم قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت دِی۔اِس سے قبل چیف سیکرٹرینے ایم اے سٹیڈیم میں جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کی جانب سے کھلاڑیوں کے لئے تیار کردہ بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے پورے سپورٹس کمپلیکس کا تفصیلی معائینہ کیا۔ اُنہوں نے مرکزی سٹیڈیم کے علاوہ مختلف کھیلوں کے لئے قائم ’کھیلو اِنڈیاسینٹرز‘کا بھی دورہ کیا۔
سیکرٹری جموں و کشمیر سپورٹس کونسل تزئین مختار نے انہیں کمپلیکس کے مجموعی اِنتظام و اِنصرام اور اِس کے مختلف مراکز میں جاری تربیتی و پریکٹس سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ ان سہولیات میں یوگا، جمناسٹک، فینسنگ، تائیکوانڈو، جوڈو، ووشو، کبڈی، ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، رولر سکیٹنگ اور دیگر کھیلوں کے مراکز شامل ہیں۔اُنہوں نے چیف سیکرٹری کوسپورٹس کونسل کی جانب سے سال بھر منعقد کی جانے والی کھیلوں کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ ان سرگرمیوں میںپنچایت سطح سے لے کرپورے یونین ٹیریٹری کے نوجوان کھلاڑی حصی لیتے ہیں ۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ کونسل یونین ٹیریٹری کے مختلف مقامات پر قومی اور مقامی سطح کے ٹورنامنٹوںکا انعقاد کرتی ہے جس کا مقصد اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو مسابقتی تجربہ فراہم کرنا اور پورے خطے میں کھیلوں کے کلچرکو فروغ دینا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مزیدمضبوط بنانے ، کوچنگ اور تربیت کے معیار کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کی کھیلوں میں شرکت کے مواقع بڑھانے پر زور دِیا۔










