weather

سردیاں بڑھتے ہی جموں کے اسکولوں میں اوقات کار تبدیل

درس و تدریس صبح 10بجکر 30منٹ سے دوپہر 3بجے تک مقرر

سرینگر / این این بی // جموں صوبے کے سرمائی زونز میں سردی کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔محکمہ اسکولی تعلیم کے مطابق سرمائی تعطیلات شروع ہونے تک نیا شیڈول نافذ العمل رہے گا۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق محکمہ اسکولی تعلیم جموں نے سردیاں بڑھنے کے ساتھ ہی اسکولوں کے اوقات کا ر میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جمو ں کی جانب سے اس ضمن میں جاری ایک بیان کے مطابق جموں صوبے کے سرمائی زونز میں واقع تمام سرکاری اور نجی تسلیم شدہ اسکولوں کے نئے اوقات کار مقرر کر دیے گئے ہیں۔حکم نامے کے مطابق اب ان علاقوں میں قائم تمام اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں صبح 10 بجکر 30 منٹ سے شروع ہوں گی اور سہ پہر 3 بجے تک جاری رہیں گی۔ نئے اوقات کار فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور سرمائی تعطیلات کے آغاز تک برقرار رہیں گے۔محکمہ تعلیم کے اس فیصلے کا اطلاق ہائر سیکنڈری سطح تک کے تمام سرکاری اور نجی تسلیم شدہ تعلیمی اداروں پر ہوگا۔ اس طرح پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کو نئے شیڈول کے مطابق اپنی تعلیمی سرگرمیاں انجام دینی ہوں گی۔واضح رہے کہ جموں ڈویژن کے بالائی اور سرد علاقوں میں موسم سرما کی شدت میں اضافے کے باعث طلبہ کو صبح کے اوقات میں شدید سردی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا مقصد طلبہ کو سرد موسم کی مشکلات سے کسی حد تک راحت فراہم کرنا اور تعلیمی سرگرمیوں کو معمول کے مطابق جاری رکھنا ہے۔محکمہ تعلیم نے نئے شیڈول کے تحت تعلیمی اداروں کو اپنی سرگرمیاں منظم کرنے کی ہدایت دی ہے۔