Narendar Modi

صرف کاغذی اسناد، ڈگریاں اور رسمی تعلیمی قابلیت کامیابی کی ضمانت نہیں

نوجوانوں کو بدلتے وقت اور روزگار کی نئی ضروریات کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا ہوگا / وزیر اعظم مودی

سرینگر / / این این بی // صرف کاغذی اسناد، ڈگریاں اور رسمی تعلیمی قابلیت ہی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوں گی بلکہ حقیقی ہنر، کام کرنے کی صلاحیت اور عملی تجربہ روزگار اور ترقی کے میدان میں زیادہ اہم کردار ادا کریں گے کی بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے نوجوانوں کو بدلتے ہوئے وقت اور روزگار کی نئی ضروریات کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا ہوگا تاکہ وہ مستقبل کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے سونے کی غیر ضروری خریداری سے گریز کرنے کی اپنی اپیل پر عمل کرنے پر ملک کے عوام کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کے لوگوں کا قومی کردار آج بھی ویسا ہی ہے جیسا ماضی میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ذمہ داری اور سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کی خریداری میں کمی کی، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں بھی گراوٹ دیکھنے کو ملی۔لکھنو ¿ میں پانچویں قومی کوشل دیکشانت سماروہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی جانب سے عوام سے ہفتے میں ایک دن ایک وقت کا کھانا ترک کرنے کی اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ماضی میں ملک کے لوگوں نے شاستری جی کی اپیل پر عمل کیا تھا، اسی طرح آج بھی ہندوستانی عوام اجتماعی مفاد کے لیے قربانی دینے کا جذبہ رکھتے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تقریباً ایک سال قبل انہوں نے ملک کے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ اگر ضرورت نہ ہو تو ایک سال تک سونا خریدنے سے گریز کریں۔ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ عوام نے ان کی اپیل کو سنجیدگی سے لیا اور غیر ضروری طور پر سونے کی خریداری نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ جب ان جیسے ایک عام شخص نے لوگوں سے سونا کم خریدنے کی درخواست کی تو ملک کے عوام نے اس پر عمل کیا اور سونے کی خریداری میں کمی آئی، جس سے قیمتوں میں گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ مودی کے مطابق، آج کئی لوگ انہیں بتاتے ہیں کہ انہوں نے ان کی اپیل پر عمل کرتے ہوئے سونا نہیں خریدا اور اس طرح اپنی رقم بچانے میں کامیاب رہے۔وزیر اعظم کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب انہوں نے مختلف عوامی جلسوں کے دوران لوگوں سے ایندھن اور سونے کی کھپت کم کرنے کی اپیل کی ہے۔ یہ اپیلیں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگی کشیدگی اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں کی گئی تھیں، جن کے باعث معیشت اور عام لوگوں کے اخراجات پر دباو ¿ بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے نوجوانوں کے ہنر اور پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں عملی مہارت رکھنے والے افراد کو محض تعلیمی اسناد رکھنے والوں کے مقابلے میں زیادہ اہمیت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وقت تیزی سے بدل رہا ہے اور مستقبل میں ایسے افراد کی قدر و اہمیت میں اضافہ ہوگا جو اپنے کام میں مہارت رکھتے ہوں اور عملی طور پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔وزیر اعظم نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صرف کاغذی اسناد، ڈگریاں اور رسمی تعلیمی قابلیت ہی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوں گی بلکہ حقیقی ہنر، کام کرنے کی صلاحیت اور عملی تجربہ روزگار اور ترقی کے میدان میں زیادہ اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے نوجوانوں کو بدلتے ہوئے وقت اور روزگار کی نئی ضروریات کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا ہوگا تاکہ وہ مستقبل کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔