نیشنل کانفرنس حکومت کا کام ہمارے مخالفین کی فریبی سیاست کا کرارا جواب / وزیر شمیمہ فردوس
سرینگر / / این این بی // ہماری سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ عوام کی خدمت، نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی تعمیر، تعلیم کے معیار میں بہتری، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور ہر خطے کی یکساں ترقی ہے کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کی سنیئر لیڈر اور وزیر تعلیم و جل شکتی شمیمہ فردوس نے کہا کہ کشمیریوں کے منڈیٹ کو تقسیم کرنے کی ہر سازش ناکام ہوجائے گی۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق نیشنل کانفرنس حلقہ انتخاب حبہ کدل کے جملہ بلاکوں کی جانب سے کمیونٹی ہال شالہ کدل حبہ کدل میں وزیر تعلیم و جل شکتی ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ موصوفہ کو جلوس کی صورت میں تقریب تک لایا گیا، جہاں پارٹی کارکنوں اور عوام نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا اور شال و پھولوں کے ہار پہنا کر اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت نے جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ 2015سے لیکر 2024تک اُتنا کام نہیں ہوا جو ہماری حکومت نے صرف 2سال کے وقفے میں انجام دیااور یہ ہمارے مخالفین برداشت نہیں کر پارہے ہیں، اس لئے ہمارے مخالفین آئے روز نیشنل کانفرنس کیخلاف جھوٹے الزامات، فریبی بیانات اور ڈرامہ بازی میں مصروف نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقائق بولتے ہیں اور ہماری حکومت کا کام ہمارے مخالفین کی فریبی سیاست کا کرارا جواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی اور ان کی درپردہ ساتھی جماعتوں کو دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے دورِ اقتدار کا محاسبہ کرنا چاہئے۔ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ ماضی میں کس طرح سیاسی مفادات کی خاطر عوامی مینڈیٹ کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا اور جموں و کشمیر کے سیاسی، سماجی اور معاشی مفادات کو نقصان پہنچایا گیا۔ آج یہی جماعتیں عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے نیشنل کانفرنس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں، لیکن انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ عوام نعروں اور بیانات سے نہیں بلکہ عملی کارکردگی سے فیصلہ کرتے ہیں۔شمیمہ فردوس نے مزید کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ کچھ عناصر کشمیریوں کا ہمدرد ہونے کا لبادہ اوڑ کر آر ایس ایس کے تقسیمی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوکر کشمیریوں کی اجتماعی آواز، سیاسی اتحاد اور یکجہتی کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔ ایسے عناصر کو سمجھ لینا چاہئے کہ کشمیری عوام کی سیاسی بصیرت اور اجتماعی شعور کو سازشوں اور انتشار کی سیاست کے ذریعے مغلوب نہیں کیا جاسکتا۔ یہاں کے لوگ اچھی طرح واقف ہیں کہ کون یہاں ناگپور کے اشاروں پر ناچ کر کشمیریوں کامینڈیٹ تقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے عوام کے تشخص، وقار، آئینی حقوق اور سیاسی مفادات کے تحفظ کی جدوجہد کی ہے اور یہ جدوجہد آئندہ بھی پوری ثابت قدمی کے ساتھ جاری رہے گی۔ ہماری سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ عوام کی خدمت، نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی تعمیر، تعلیم کے معیار میں بہتری، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور ہر خطے کی یکساں ترقی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مخالفین کے پروپیگنڈے کا جواب اپنے کردار، عوامی رابطے اور عملی کارکردگی سے دیں۔ ہمیں عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کرنے اور نیشنل کانفرنس کے عوام دوست ایجنڈے کو گھر گھر پہنچانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حقائق خود بولتے ہیں، ہماری حکومت کی کارکردگی ہی مخالفین کی منفی اور تقسیم پسندانہ سیاست کا سب سے مو ¿ثر جواب ہے۔ عوامی اعتماد اور حمایت کے بل پر نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کو ترقی، خوشحالی، اتحاد اور سیاسی استحکام کی راہ پر آگے لے جانے کے لئے پُرعزم ہے۔اس سے قبل بلاک صدور صاحبان اور دیگر عہدیداران نے پارٹی لیڈر شپ خصوصاً ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے شمیمہ فردوس کو کابینہ میں شامل کرکے حبہ کدل کے لوگوں کی دیرینہ مانگ پوری کی۔










