ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری اور ڈاکٹر پیوش سنگلا نے نُن وَن بیس کیمپ سے یاترا کو جھنڈی دِکھاکر روانہ کیا

پہلگام// سیکرٹری قبائلی امور ( نوڈل آفیسر ) ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری اور ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ( ضلع یاترا آفیسر ) ڈاکٹر پیش سنگلا نے آج مشترکہ طور پر نُن وَن بیس کیمپ سے شری اَمرناتھ جی یاتر ا کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے نُن وَن میں صحافتی برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کے لئے آسان تجربہ کو یقینی بنانے کے لئے بہترین اِنتظامات کئے گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یاتریوں کے لئے صفائی ستھرائی کے اِقدامات کئے جارہے ہیں اور انہیں اِس برس سوچھ یاترا کا یقین ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ یاتریوں کو نُن وَن میں رُکنے کے بعد گاڑیوں میں چندن واڑی لے جایا جائے گا جہاں سے یاتری پیدل سفر کا آغاز کریں گے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ تمام جگہوں پر ٹریک کی ضروری چوڑائی ، انفورسمنٹ کی تعمیر اور حفاظتی ریلنگ کی تنصیب مکمل کی گئی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ شیش ناگ اور پنج ترنی کے کیمپ مکمل طور پر کام کر رہے ہیں اور مناسب صفائی ستھرائی کے اِنتظامات ہیں، مناسب تعداد میں بیت الخلاء کی سہولیات نصب کی گئی ہیں اور ہر مقام پر بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔یاتریوں نے میڈیا برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کے لئے ہر قسم کی سہولیات دستیاب ہیں۔اُنہوں نے کہا تھاکہ رات کے آرام سے قیام کے بعد وہ پوتر گپھا کا سفر شروع کرنے کے لئے تیار ہیں۔فلیگ آف میں ایس ایس پی اننت ناگ ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران ، میڈیا برادری کے اَرکان اور نُن وَن بیس کیمپ کے عملے کے اَرکان نے شرکت کی۔