بارہمولہ//سیکرٹری منصوبہ بندی ،ترقی اور نگرانی محکمہ ڈاکٹر راگھو لنگر جو ضلع بارہمولہ کے 3 روزہ دورے پر ہیں ، نے آج سلام آباد اُوڑی کا تفصیلی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں کئی ترقیاتی سرگرمیاں اَنجام دیں۔ابتداً، سیکرٹری منصوبہ بندی کے ہمراہ ایس ڈی ایم اُوڑی جتن کشور ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ایم یوسف راتھر، ڈی ایس او اشتیاق احمد خان اور دیگر متعلقہ اَفسران نے اُوڑی کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے وہاں سمردھی سیما یوجناتحصیل آفس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔سیکرٹری منصوبہ بندی نے سلام آباد پنچایت میں ایک گرام سبھا بھی منعقد کی جس میں سرپنچوں ، پنچوں ، لائن ڈیپارٹمنٹ ملازمین کے علاوہ لوگوں کے ایک بڑے اِجتماع نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔اِس موقعہ پر پنچایت راج کے کار کنان، پی آر آئیز ، فرنٹ لائن ورکروں ، مقامی نوجوانوں نے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل بشمول صفائی، پانی کی فراہمی میں اِضافہ، صحت کی اچھی سہولیات، بہتر تعلیم اور دیگر ترقیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری منصوبہ بندی نے لوگوں کی بات بغور سنی اور اَفسران سے کہا کہ وہ گائوں کے لوگوں کی ضروریات کے مطابق گرام پنچایت ترقیاتی منصوبہ تیار کریں۔ڈاکٹر راگھو لنگر نے گرام سبھا کے دوران پیش کی گئی تمام شکایات کو دستاویزی شکل دی اور ان کے حقیقی مسائل اور مطالبات کے جلد اَز جلد ازالے کا یقین دِلایا ۔دریں اثناء، لوگوں کو ضلع میں نافذ کئی فلاحی سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور ان سے فائدہ اُٹھانے کی ترغیب دی گئی۔










