سرینگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سکمز صورہ کیلئے جدید ترین ڈیجٹل کارڈیک کیتھیئرائزیشن لیب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت ، ڈائریکٹر سکمز ، ڈائریکٹر ہیلتھ کشمیر ، سکمز کے مختلف محکموں کے ایچ او ڈیز اور بہت سے دیگر متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے ذاتی طور پر یا عملی طور پر شرکت کی ۔ اس تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اپنے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ صحت کے ہر ادارے کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد موثر اور معیاری خدمات فراہم کرنا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے صحت کے پیشہ ور افراد پر اطمینان کی سطح کو بہتر بنانے کیلئے کام کی اخلاقیات کو بہتر بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ غریب عوام کی بھلائی کیلئے ایمانداری اور دیانتداری سے کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ صحت کاشعبہ ایل جی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے اور وہ دن دور نہیں جب باہر سے لوگ بہتر علاج و معالجہ کیلئے جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے ۔ ڈائریکٹر سکمز پروفیسر پرویز کول نے انکشاف کیا کہ عوام کیلئے وقف نئی ڈیجٹل کارڈیک کیتھیئرائزیشن لیب آج یوٹی کے پریمئر ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ میں 8.5 کروڑ روپے کی لاگت سے نصب کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کیتھ لیب یقینی طور پر انسٹی ٹیوٹ کی اعلیٰ درجے کی انٹروینشنل کارڈیالوجی طریقہ کار کو انجام دینے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گی جس سے یہاں کے مریضوں کی بڑی تعداد کو راحت ملے گی ۔










