چیرکوٹ لولاب میں34سالہ خاتون کی موت ایک معمہ

میکے والوںنے لگایا قتل کاالزام،کیس درج ،تحقیقات شروع:پولیس

کپوارہ//شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے چیرکوٹ لولاب علاقے میں جمعرات کو ایک34 سالہ خاتون کنویں میں پھسلنے سے ہلاک ہوگئی۔جے کے این ایس نامہ نگارطارق راتھر کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایاکہ تسلیمہ بیگم زوجہ محمد رمضان پیرساکنہ ند پورہ چیرکوٹ ،جمعرات کی صبح پھسل کر کنویں میں گر گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسے نکال کرسب ڈسٹرکٹ اسپتال کپواڑہ لے جایا گیا،تاہم یہاں موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اُدھر متوفی خاتون کے میکے والوں اوردوسرے رشتہ داروں نے درسن کرالہ پورہ میں احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایاکہ 34سالہ تسلیمہ کی المناک موت کیلئے اُس کے سسرال والے ذمہ دار ہیں۔احتجاجی مردوزن نے ماتم اورواویلا کرتے ہوئے خاتون کے سسرال والوں پراُس کوقتل کرنے کاسنگین الزام عائد کرتے ہوئے تسلیمہ کی کنویں میں گرکر موت واقعہ ہونے کی تحقیقات کامطالبہ کیا۔ چیرکوٹ کپوارہ میں جواں سالہ خاتون کی موت واقعہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ کنویں میں پھسل گئی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی تاہم ہم ابھی تک یہ معلوم کر رہے ہیں کہ وہ حقیقت میں کنویں میں کیسے گری۔