چندریان 3مشن:پرگیان روور نے وکرم لینڈر کی تصویر کھینچی

چینائی: ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) نے چہارشنبہ کو وکرم لینڈر کی ایک تصویر جاری کی جو چاند کے جنوبی قطب میں اترنے کے بعد پرگیان روور نے لی تھی۔یہ تصویر روور پر نصب نیویگیشن کیمرے (Navcam) نے لی ہے ۔ اسرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ کے آفیشل ہینڈل پر کہا کہ چندریان3مشن براہ کرم مسکرائیں! پرگیان روور نے آج صبح وکرم لینڈر کی تصویر کلک کی۔ یہ تصویر روور پر نصب نیویگیشن کیمرے (Navcam) کے ذریعے کھینچی گئی ہے ۔NavCam چندریان 3 مشن کیلئے لیبارٹری فار الیکٹرو آپٹکس سسٹمز (ایل ای او ایس ) نے تیار کیا ہے ۔ وکرم لینڈر نے پروپلشن ماڈیول سے علیحدگی کے بعد 23 اگست کی شام 6:04 بجے چاند کی سطح پر کامیابی سے لینڈ کیا۔ چند گھنٹوں کے بعد روور پرگیان وکرم کے اندر سے باہر آیا اور چہل قدمی کرنے لگا۔ایل ای او ایس نے چندریان3 روور پر لیزر انڈسڈ بریک ڈاؤن اسپیکٹروسکوپی ( ایل آئی بی ایس ) آلہ بھی تیار کیا ہے ، جس نے جنوبی قطب کے قریب چاند کی سطح کی بنیادی ساخت پر پہلی اندرونی پیمائش کی ہے۔ آج 30اگست کو چاند پر پرگیان کا آٹھواں دن ہے ۔ اسرو نے چندریان3 کے ذریعہ ایک بڑی دریافت کی ہے ۔ روور پرگیان کے پے لوڈ نے چاند پر آکسیجن اور سلفر اور دیگر مادوں کی موجودگی کا پتہ لگایا ہے۔ پرگیان نے چاند کے جنوبی قطبی علاقے میں ایلومینیم، سلفر، کیلشیم، آئرن، کرومیم اور ٹائٹینیم سمیت کئی کیمیائی مادوں کی موجودگی کا پتہ لگایا ہے اور ہائیڈروجن کی دریافت جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی پرگیان نے چاند کی سطح پر درجہ حرارت کی پیمائش کی ہے ۔ہندوستان چاند کے جنوبی قطب پر اترنے والا پہلا ملک ہے ۔ ایسے میں دنیا کی نظریں چندریان 3سے حاصل ہونے والے ڈیٹا پر لگی ہوئی ہیں۔