virat kohili

پلے آف کی منزل قریب، بنگلور کا گجرات ٹائٹنز کو کھلا چیلنج

احمد آباد/یو این آئی// انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے 42 ویں میچ میں جمعرات کو دفاعی چمپیئن رائل چیلنجرز بنگلوروکا سامنا گجرات ٹائٹنز سے ہوگا۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس اہم مقابلے میں آر سی بی کی نظریں فتح حاصل کرکے پلے آف کی دوڑ میں اپنے موقف کو مزید مستحکم کرنے پر ہوں گی۔ رائل چیلنجرز بنگلورو اس وقت زبردست فارم میں ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر فائز ہے ۔ اب تک کھیلے گئے 8 میچوں میں سے ٹیم نے6 میں کامیابی حاصل کی ہے ، جبکہ اس کا نیٹ رن ریٹ1.919 ہے جو کہ انتہائی متاثرکن ہے ۔ گزشتہ میچ میں دہلی کیپیٹلز کے خلاف یکطرفہ جیت نے ٹیم کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں، جہاں بولروں نے حریف ٹیم کو محض75 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔ اسٹار بیٹر ویراٹ کوہلی58.50 کی اوسط سے351 رنز بناکر بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی بنے ہوئے ہیں۔ جوش ہیزل ووڈ اور بھونیشورکمار فاسٹ بولنگ میں اس جوڑی نے قہر برپا کر رکھا ہے ۔ ہیزل ووڈ نے پچھلے میچ میں12 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بھونیشورکمار اب تک ٹورنمنٹ میں14 شکارکرچکے ہیں۔ دوسری جانب گجرات ٹائٹنزکی کارکردگی اس سیزن میں اب تک ملی جلی رہی ہے ۔4 فتوحات اور 4 شکستوں کے ساتھ وہ پوائنٹس ٹیبل کے وسط میں جدوجہد کر رہی ہے ۔ اگرچہ ٹیم نے چنئی سوپرکنگز کے خلاف حالیہ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن ہوم گراؤنڈ پر ان کا ریکارڈ تشویشناک ہے ۔ احمد آباد میں کھیلے گئے تین میچوں میں سے وہ صرف ایک کامیابی حاصل کرپائی ہے۔ سائی سدرشن46 گیندوں پر87 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیل کر فارم میں واپسی کے اشارے دے چکے ہیں۔کگیسو ربادا13 وکٹوں کے ساتھ بولنگ کے شعبے میں ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ شبھمن گل اور جوس بٹلر ٹاپ آرڈر میں رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ احمد آباد کی پچ بیٹرس کے لیے سازگار سمجھی جاتی ہے جہاں پہلی اننگزکا اوسط اسکور180 رنزکے قریب رہتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم صاف رہے گا، البتہ دوسری اننگز میں اوس میچ کے نتیجہ پراثر انداز ہو سکتی ہے ۔ حالیہ فارم اور نفسیاتی برتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین رائل چیلنجرز بنگلورو کو اس مقابلے کے لیے پسندیدہ ٹیم قرار دے رہے ہیں، تاہم گجرات ٹائٹنز اپنے ہوم گراؤنڈ پر کسی بھی وقت پلٹ وار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔اس مقابلے میں ایک مرتبہ پھر کوہلی توجہ کا مرکز ہوں گے جوکہ اپنی ٹیم کی کامیابی اہم رول ادا کرنے کے خواہاں ہوں۔