گوہر نبی نامی طالب علم پنجاب میں تعلیم حاصل کر رہا ہے:پولیس
سری نگر//پلوامہ کے ایک نوجوان کے ملی ٹنسی میں شامل ہونے کی رپورٹ کومسترد کرتے ہوئے پولیس نے کہاکہ مذکورہ نوجوان پنجاب میں تعلیم حاصل کر رہا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے پیر کو پلوامہ کے ایک نوجوان کے ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شامل ہونے کی رپورٹ کومسترد کر دیا۔ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ مرن پلوامہ سے تعلق رکھنے والے گوہر نبی نامی طالب علم کی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلائی گئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شامل ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تفتیش کرنے پر پتہ چلا کہ مذکورہ نوجوان نے کسی ملی ٹنٹ گروپ میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے اور وہ اس وقت بھٹنڈہ پنجاب کے ایک کالج میں بی ایس سی کارڈیالوجی کر رہا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق مذکورہ طالب علم نے اُسکے ملی ٹنسی میں شامل ہونے کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے ایک ویڈیو کلپ بھی ریکارڈ کیا ہے۔ پلوامہ پولیس نے اس معاملے کی انکوائری بھی شروع کی ہے تاکہ ان لوگوں کی شناخت اور گرفتاری کی جا سکے جنہوں نے اس طالب علم کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور اس پر ملی ٹنٹوںکی صفوں میں شامل ہونے کے جھوٹے الزامات لگائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس شرپسندوں کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی مواد کو شیئر کرنے سے گریز کریں جو بدنیتی پر مبنی اور اشتعال انگیز ہو۔










