پریرنا پوری نے بڈگام میں عوامی دربار کی صدارت کی

پریرنا پوری نے بڈگام میں عوامی دربار کی صدارت کی

ضلعی اِنتظامیہ کو عوامی مسائل کے بروقت حل اور فوری خدمات کی فراہمی جاری رکھنے پر زور

بڈگام// کمشنر سیکرٹری اِنفارمیشن ٹیکنالوجی پریرنا پوری نے آج بڈگام کا دورہ کیا اور ضلع میں عوامی مسائل اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے ضلع ہیڈ کوارٹر میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر اَکشے لابرو، اے ڈی ڈی سی بڈگام ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک، سی پی او، سی ایم او، سی ای او، اے سی ڈی، تمام ایس ڈی ایمز، مختلف ونگوںکے تمام ایگزیکٹیو انجینئران، تمام ضلعی اور سیکٹورل اَفسران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر مختلف قصبوں، دیہاتوں کے مقامی لوگوں، سول سوسائٹی ممبران، سماجی کارکنوں اور معزز عمائدین، نوجوانوں کے وفود وغیرہ نے اَپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں اور بروقت حل کا مطالبہ کیا۔کمشنر سیکرٹری موصوفہ نے عوامی دربار سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسائل کے بروقت حل کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی حوصلہ اَفزائی کی اور عوام کو فوری خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔پریرنا پوری نے کہا کہ عوامی دربار کے اِنعقاد کا مقصد اِنتظامیہ اور عوام کے درمیان ایک مشترکہ پُل قائم کرنا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کی تقریبات حکومتی نمائندوں اور عام لوگوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر بیٹھنے، ایک دوسرے کو سننے اور معاملات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کا موقعہ فراہم کرتی ہیں۔کمشنر سیکرٹری موصوفہ نے بڈگام میں دیرپا ترقی اور خوبصورتی کے کاموں کے تئیں ضلع اِنتظامیہ بڈگام کے عزم کی ستائش کی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ کام ضلع کے تمام قصبوں میں اِسی رفتار سے جاری رہے گا۔اُنہوں نے کہا کہ تمام مسائل، مطالبات اور تجاویز متعلقہ حلقوں کے ساتھ مل کر فوری طور پر حل کی جائیں گی۔ پریرنا پوری نے دربار کی کارروائی کے دوران پیش کئے گئے تمام معالات کا بروقت جائزہ لینے کے لئے فیلڈ اَفسران سے مسائل کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ آن لائن خدمات سے فائدہ اُٹھائیں اور اَپنی دہلیز پر ڈیجی دوست ایپلی کیشن کے ذریعے خدمات کا اِنتخاب کریں۔ کمشنر سیکرٹری نے عوام الناس کو بہتر اور بغیر پریشانی خدمات کی فراہمی کے لئے سی ایس سیز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارموں سے آن لائن خدمات کے بارے میں حساسیت اوربیداری پر زور دیا۔پریرنا پوری نے فائدہ اُٹھانے والوں میں منظوری نامے بھی تقسیم کئے اور مختلف سکیموں کے تحت مختلف دیگر مستفیدین کو مبارک باد دی۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نے کہا کہ ضلع اِنتظامیہ بڈگام علاقے کے ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے پُر عزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام ہدایات اور تجاویز کومناسب طریقے سے ریکارڈ کیا گیا ہے اور کم سے کم وقت میں ان پر عمل کیا جائے گا۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ حکومت جموں و کشمیر نے اِنتظامی سیکرٹریوں کو تفویض کردہ اضلاع میں عوامی دربار منعقد کرنے کے لئے تعینات کیا ہے تاکہ عام لوگوں کی شکایات کو سنا جاسکے اور ان کا ازالہ کیا جاسکے۔