عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ۔ پرساد
اننت ناگ //پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈی ڈی ) مسٹر راجیش پرساد نے آج آکوارہ اننت ناگ میں عوامی رابطہ پروگرام اور شکایت کے ازالے کے کیمپ کی صدارت کی اس تقریب کا بنیادی مقصد بجلی کی خدمات سے متعلق شکایات اور خدشات کو دور کرنے پر خصوصی توجہ کے ساتھ عوام اور سرکاری اہلکاروں کے درمیان براہ راست بات چیت کی سہولت فراہم کرنا تھا ۔ عوام اور عوامی نمائندوں نے پرنسپل سیکرٹری کو درپیش مسائل کے علاوہ ان کے ترقیاتی مطالبات بشمول پلے فیلڈ کی ترقی ، سراب باغ میں سڑک کی بحالی ، گرلز ہائیر سکینڈری سکول ، سکل ڈیولپمنٹ سنٹر اور علاقے میں فروٹ منڈی کا قیام ، اے ٹی ایم، چاندر پورہ ۔ درباغ سڑک کی تکمیل ، پی ایم اے وائی اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان کی سیچوریشن اور دیگر مسائل مقامی لوگوں کیلئے سہولت اور ٹرانسپورٹ خدمات کی فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا ۔ مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان بشمول ریونیو ، پولیس ، پاور ، صحت ، تعلیم ، تعمیراتِ عامہ ، زراعت اور متعلقہ محکمے سیکٹر سے متعلق خدشات کو دور کرنے کیلئے موجود تھے ۔ بنیادی طور پر کیمپ کے دوران اٹھائے گئے مسائل بجلی کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے ، سیاحت کے فروغ ، جل جیون مشن اور متعلقہ معاملات سے متعلق تھے ۔ مسٹرراجیش پرساد نے عوام کی شکایات اور مطالبات کو سنجیدگی سے سُننے کے بعد شکایات ازالہ کیمپ میں موجود متعلقہ ضلعی افسران سے موقع پر ہی جواب طلب کیا ۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ تمام حقیقی مطالبات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو عوامی مسائل کے بروقت ازالہ کیلئے موقع پر ہی ہدایات بھی دیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے اپنے خطاب کے دوران خطے میں بجلی کی خدمات اور بنیادی ڈھانچے کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے یو ٹی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ بجلی کے مجموعی منظر نامے کو بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کے ساتھ ان کے خدشات کو منظم طریقے سے دور کیا جائے گا ۔










