سرینگر/ پرنسپل سیکرٹری اسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایس ڈی ڈی ) اصغر حسن سامون نے سرینگر میں آئی آئی ایم جموں کے آف کیمپس میں منعقدہ ایک میٹنگ میں جموں و کشمیر میں اسکل ڈیولپمنٹ اداروں کی تبدیلی کیلئے ایس ڈی ڈی اور آئی آئی ایم جموں کے درمیان تعاون پر پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ یہ میٹنگ جموں و کشمیر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ جموں کے درمیان حال ہی میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کے پس منظر میں منعقد کی گئی تھی تا کہ جموں و کشمیر میں ہنر مندی کے انقلاب کیلئے رہنما خطوط اور تعلقات کا سفر شروع کیا جا سکے ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر آئی آئی ایم جموں پروفیسر بی ایس سہائے، ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی جے اینڈ کے سدرشن کمار ، آئی آئی ایم جموں آف کیمپس سرینگر کے نمائندے ، جموں و کشمیر کے تمام پولی ٹیکنک کالجوں اور آئی ٹی آئی کے پرنسپل اور سپرنٹنڈنٹس نے ذاتی طور پر اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ اس تعاون کے بعد اگلے ہفتے سے آئی آئی ایم جموں کے دونوں کیمپسز میں تمام پرنسپلوں اور پولی ٹیکنک اور آئی ٹی آئیز کے سپرنٹنڈنٹس کیلئے صلاحیت سازی کا پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تربیتی پروگرام ابھرتی ہوئی تجارتوں جیسے کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ، انٹر پرنیور شپ ، لیب ڈیزائیننگ ، میکانیٹرکس ، روبوٹکس ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور دیگر پر توجہ مرکوز کرے گا اور پرنسپلز اور سپرنٹنڈنٹس کو تربیت دے گا کہ ان تجارتوں کو اپنے متعلقہ اداروں میں کیسے چلایا جائے ۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری نے آئی آئی ایم جموں کو ٹریننگ ماڈیول میں پلیسمنٹ کے پہلو کو شامل کرنے کا مشورہ دیا تا کہ ہنر مند اداروں سے پاس آؤٹ ہونے والوں کو روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آ سکیں ۔ ڈائریکٹر آئی آئی ایم جموں نے میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس تربیتی پروگرام کے ذریعے ہم جموں و کشمیر کے ہنر مند اداروں کی قدر میں اضافہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے اسکل انسٹی ٹیوٹ یہاں ایم خدمات فراہم کرنے والے ہیں اور اس لئے ان اداروں کے تربیتی معیار کو بلند کرنا ضروری ہے ۔










