پرنسپل سیکرٹری اے پی ڈی نے ضلع بڈگام کے نرکارا ، ممٹھ اور بڈگام علاقوں کا دورہ کیا

ترقی پسند کسانوں کے ساتھ بات چیت کی اور ممٹھ میں اَپنی نوعیت کے پہلے مکمل خود کار مشروم یونٹ کا معائینہ کیا

سری نگر//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شیلندر کمار نے آج آرگنک ویجی ٹیبل کلسٹرنرکار ا بڈگا م کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے ترقی پسند کسانوں کے ساتھ بات چیت کی اور علاقوں میں زرعی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے علاقے میں زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی ترقی کے لئے محکمہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے نوجوان تعلیم یافتہ کسانوں پر زور دیا کہ وہ متنوع زرعی سرگرمیوں جیسے مشروم کی کاشت ، مگس پالن کی آمدنی اور روزی کمانے کا ایک اہم ذریعہ بنائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ آرگنِک سبزیوں کی کاشت کی حوصلہ اَفزائی کی جائے گی اور جموںوکشمیر یوٹی میں پی کے وِی وائی سکیم کے تحت بڑی تعداد میں نامیاتی سبزیوں کے کلسٹر قائم کئے جائیں گے ۔پرنسپل سیکرٹری موصوف نے علاقے میں50فیصد سبسڈی پر مشروم یونٹوں کے قیام کے لئے کیپکس بجٹ 2023-24ء کے تحت مستفید ہونے والے کسانوں کو اَتھارٹی لیٹر پیش کئے۔بعداَزاں شیلند کمار نے ممٹھ بڈگام میں اَپنی نوعیت کے پہلے مکمل خود کار مشروم یونٹ کا دورہ کیا ۔اُنہوں نے مشروم یونٹ کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا او ریونٹ ہولڈر کے ساتھ اِستفسار کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے اَپنے خیالات کا اِظہا رکرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے دیر پا اور منافع بخش فصل کے لئے سال بھر مشروم کی کاشت کو فروغ دینے کے لئے جامع زراعت کی ترقی کے پروگرام کے تحت ملٹی کروڑ کا پروجیکٹ عملایا جارہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کئی برسوں میں مشروم کی کاشت متعلقہ کاشت کار کنبوں کی زرعی آمدنی بڑھانے کے لئے ایک اہم ذریعہ کے طور پر اُبھری ہے۔شیلندر کمار نے بڈگام کے سبزی اُگانے والے علاقوں کا بھی دورہ کیا اور علاقے کے سبزی کاشت کاروں سے بات چیت کی۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری کے ہمراہ ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال اور محکمہ زراعت کے دیگر اعلیٰ اَفسران بھی تھے۔