پارلیمانی انتخابات 2024کیلئے جموں کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں شروع

رواں ماہ میں عوامی اجتماعات کا سلسلہ شروع ہوگا ، کئی مرکزی لیڈران وادی وارد ہوں گے

سرینگر// جموں کشمیر میں پارلیمانی انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں شروع ہوگئیں ہیں اور مختلف سیاسی پارٹیاںرواں جنوری 2024سے باضابطہ طور پر زمینی سطح پر عوامی اجتماعات شروع کررہی ہیں جبکہ سیاسی پارٹیاں اہم شخصیات کو اپنی پارٹیوں میں شامل کرنے کوشش میں لگی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ عوامی حمایت حاصل ہوسکے ۔ ادھر رواں ماہ کے آخر تک کئی سیاسی لیڈران نئی دلی کا دورہ کرنے والے ہیں تاکہ پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے سرگرمیوں کو حتمی شکل دی جاسکے ۔ اس بیچ بی جے پی کے کئی مرکزی لیڈران بشمولی ترن چگھ جلدہی جموں کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیں تاکہ وادی کشمیر میںانتخابات کے حوالے سے پارلیمانی امیدواروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے ۔ بی جے پی جموں کشمیر کی تمام پارلیمانی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرنے والی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق پارلیمانی انتخابات 2024کیلئے جموں کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی سرگرمیاں شروع کردی ہے اور پارٹی سطح پر میٹنگوںکی شروعات ہوچکی ہے ۔ جبکہ سال 2024کے پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے عوامی اجتماعات جلد ہی شروع کئے جارہے ہیں ۔ جموں کشمیر کی سب سے بڑی مقامی سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کے ایک اعلیٰ عہدیدارنے بتایا کہ پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ جنوری سے ہی پارٹی ورکنگ کمیٹی کی اعلیٰ سطحی میٹنگ بلارہے ہیں تاکہ آگے کے لائحہ عمل کو ترتیب دیا جائے ۔ اس ضمن میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک ذرائع نے بتایاکہ محبوبہ مفتی نے لیڈران اور تمام ضلعی عہدیداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت دی ہے اور پارٹی پارلیمانی نشستوں کے امیدواروں کو نامزد کرنے کیلئے کور گروپ کی میٹنگ منعقد کرے گی ۔ دریں اثناء سیاسی جماعتوں کے اعلیٰ عہدیداران رواںماہ کے آخر تک نئی دلی روانہ ہورہے ہیں جہاں پر وہ سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے کانگریس ، بی جے پی اور دیگر جماعتوں کی مرکزی کمیٹی سے صلاح مشورہ کریں گے ۔ اس دوران باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پیپلز کانفرنس اور اپنی پارٹی اس ضمن میں نئی دلی میں مرکزی وزیر داخلہ سے ملنے والے ہیں ۔ ادھر بی جے پی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مرکزی لیڈران وادی کشمیر کا دورہ کریں گے خاص کر قومی جنرل سیکریٹری ترن چگھ وادی کے دورے پر آئیں گے تاکہ پارلیمانی نشستوںکیلئے بی جے پی کے امیدواروں کی فہرست مرتب کی جاسکے اور نامزدگیاں مکمل ہوں ۔ انہوںنے بتایا کہ مرکزی وزراء بھی بی جے پی کی عوامی پروگراموں میں شرکت کریں گے جو لوگوںکو بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے کی لوگوں سے اپیل کریں گے ۔ادھر معلوم ہوا ہے کہ بی جے پی جموں کشمیر کی تمام پارلیمانی نشستوں پر اپنے امیدوار اُٹھائے گی ۔