ٹک ٹاک کی پیرنٹ کمپنی کی نئی ایپ’لیمن 8‘کیا ہے؟

امریکہ میں جہاں قانون ساز اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ آیا چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر ملک بھر میں پابندی لگادی جائے وہیں اسی کی پیرنٹ کمپنی کی حال ہی میں متعارف کردہ ایک نئی ایپ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ٹک ٹاک کی پیرنٹ کمپنی بائٹ ڈانس کی نئی ایپ کا نام ‘لیمن 8’ ہے جسے مختصر عرصے میں لاکھوں امریکی ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق چینی کمپنی بائٹ ڈانس اپنے توسیعی منصوبوں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ لیکن ٹک ٹاک کی طرح اس کی نئی ایپ کو بھی امریکہ میں جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ٹک ٹاک کے بارے میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ چین کی حکومت امریکی صارفین کا ڈیٹا حوالے کرنے کے لیے بائٹ ڈانس پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔تاہم ٹک ٹاک کے حکام امریکی قانون سازوں کو یہ یقین دلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں کہ وہ صارف کا ڈیٹا محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
لیمن 8 ہے کیا؟
لیمن 8 تصاویر پر مبنی ایک ایپلی کیشن ہے جو انسٹاگرام اور پن ٹرسٹ سے ملتی جلتی ہے اور اس پر ٹک ٹاک کی طرح کی ویڈیوز بھی شو ہوتی ہیں۔لیمن 8 کی مین فیڈ میں دو طرح کے فیچرز موجود ہیں جس میں ایک “فالوئنگ” کا سیکشن ہے جہاں صارفین ان کانٹینٹ کری ایٹر کا کانٹینٹ دیکھ سکتے ہیں جنہیں وہ فالو کر رہے ہیں۔ دوسرا سیکشن ‘فور یو’ کا ہے جہاں دیگر پوسٹس موجود ہوتی ہیں۔اس ایپلی کیشن میں ایسا آپشن بھی موجود ہے جس میں مختلف کیٹیگریز جیسے فیشن، بیوٹی اور فوڈ وغیرہ کا کانٹینٹ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا سائٹس کی طرح لیمن 8 بھی صارف کے بنیادی ڈیٹا کسی رسائی طلب کرتا ہےجیسے آئی پی ایڈریس، براؤزنگ ہسٹری، ڈیوائس آئیڈینٹی فائر اور دیگر معلومات۔ایپل اور گوگل پلے دونوں ایپ اسٹورز پر اس ایپلی کیشن کی مالک سنگاپور سے تعلق رکھنے والی ہیلیوفیلیا پرائیویٹ لمیٹڈ لسٹڈ ہے۔ اس کمپنی کا اور بائٹ ڈانس اور ٹک ٹاک کا پتا ایک ہی ہے۔