وزیر اعظم مودی بیرونِ ملک سے آئے 3 ہزار سے زائد نوجوانوں سے خطاب کریں گے
سرینگر/// یو این ایس وزیر اعظم نریندر مودی 12 جنوری کو ’’وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026 کے موقع پر بھارت اور بیرونِ ملک سے آئے ہوئے تین ہزار سے زائد نوجوانوں سے براہِ راست گفتگو کریں گے۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق یہ پروگرام بھارت منڈپم میں منعقد ہوگا، جہاں وزیر اعظم اختتامی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔یو این ایس کے مطابق یہ تقریب نیشنل یوتھ ڈے کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہے، جو سوامی وویکانند کی یومِ پیدائش کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر منتخب نوجوان شرکاء وزیر اعظم کے سامنے دس مختلف موضوعاتی شعبوں میں اپنی تجاویز، خیالات اور قابلِ عمل منصوبے پیش کریں گے، جو قومی ترقی اور مستقبل کی حکمتِ عملی سے متعلق ہوں گے۔وزیر اعظم اس پروگرام کے دوران’وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026‘ کے لیے نوجوانوں کے منتخب مضامین پر مشتمل ایک خصوصی مجموعہ بھی جاری کریں گے، جس میں بھارت کی ترقیاتی ترجیحات اور طویل مدتی قومی اہداف پر نوجوانوں کی آرا شامل ہیں۔’وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ‘ کو ایک قومی پلیٹ فارم کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں اور قومی قیادت کے درمیان منظم اور بامعنی مکالمہ ممکن بنایا جا سکے۔ پی ایم او کے مطابق یہ پروگرام وزیر اعظم کے یومِ آزادی کے خطاب میں دی گئی اس اپیل سے ہم آہنگ ہے جس میں سیاست سے وابستگی کے بغیر ایک لاکھ نوجوانوں کو قومی معاملات میں شامل کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا تھا۔یو این ایس کے مطابق یہ مکالمہ 9 سے 12 جنوری تک جاری رہے گا، جس میں ملک بھر میں مختلف سطحوں پر پچاس لاکھ سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی ہے۔ قومی سطح کے لیے منتخب نوجوانوں کا انتخاب ایک سخت میرٹ پر مبنی تین مرحلہ جاتی عمل کے تحت کیا گیا، جس میں ڈیجیٹل کوئز، مضمون نویسی مقابلہ اور ریاستی سطح پر وڑن پریزنٹیشن شامل تھی۔اس پروگرام کے دوسرے ایڈیشن میں کئی نئی جہتوں کا اضافہ کیا گیا ہے، جن میں ’ڈیزائن فار بھارت‘،’ٹیک فار وکست بھارت ، ہیک فار اے سوشل کاز‘، موضوعاتی سیشنز میں وسعت اور پہلی مرتبہ بین الاقوامی شرکت شامل ہے، جس سے اس مکالمے کی افادیت اور دائرہ کار مزید مضبوط ہوا ہے۔










