بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کی تیاریوں پر بات چیت کی جو 7 ستمبر سے شروع ہو گا
سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے آج سول سیکرٹریٹ میں کئی افسران ، وفود اور دیگر افراد سے ملاقات کی ۔ نئے آئی اے ایس افسران کے ایک گروپ نے ، جن میں بابیلا رکوال ، شبنم شاہ کاملی ، رچنا شرما ، لینا پادھا ، راجندر سنگھ تارا ، منیر الاسلام ، سجاد حسین گنائی ، انو الوھترا ، نیتو گپتا ، پریم دیمن کرشن بھٹ ، بھوانی رکوال اور انورادھا گپتا شامل ہیں ، وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور شکری ادا کیا ۔ یہ افسر حال ہی میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس میں شامل ہوئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو ملک کی ممتاز سول سروس میں شامل ہونے پر مبارکباد دی اور انہیں کامیاب مدت کی نیک خواہشات دی ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اسی لگن اور جوش کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ۔ کمشنر سیکرٹری انفارمیشن اینڈ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ آر ایلس واز نے الگ سے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں جموں و کشمیر کے پہلے بین الاقوامی فلم فیسٹیول ( آئی ایف ایف جے کے ) کی تیاریوں سے آگاہ کیا جو 7 سے 10 ستمبر 2026 تک منعقد ہونا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے تیاریوں کا جائیزہ لیا اور تمام متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کے درمیان ہموار انتظامات اور موثر ہم آہنگی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول کامیابی سے منعقد ہو سکے ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر سجیت کمار نے بھی اپنے حالیہ چارج سنبھالنے کے بعد وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ۔ مسٹر عمر عبداللہ نے افسر کو نئے عہدے کیلئے نیک خواہشات دیں اور کشمیر میں سیکورٹی اور پولیسنگ کے ماحول سے متعلق معاملات پر بات چیت کی ۔ ارنسٹ اینڈ ینگ ( ای اینڈ وائی ) کے منیجنگ ڈائریکٹر امیت کھنڈیلوال اور ریجنل ہیڈ ای اینڈ وائی نوریت سنگھ نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ۔ وفد نے انہیں جموں و کشمیر میں فرم کے جاری کام سے آگاہ کیا ۔










