وارپورہ سوپور کے29سالہ نوجوان کی پُراسرارموت

سوپور//شمالی قصبہ سوپورمیں پیر کے روز ایک مکان میں پُراسرارطور پر مردہ پائے گئے ایک29سالہ نوجوان کے لواحقین نے بدھ کے روز یہاں احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایاکہ اُن کے لخت جگر کومبینہ طور پر قتل کیاگیا ہے ۔انہوںنے پولیس حکام سے شہزاد احمد ملک کے قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق30جنوری2023بروز پیرکی شام بادشاہ محلہ سوپور میں واقع ایک مکان سے ایک 29سالہ نوجوان شہزاد احمد ملک ساکنہ بونہ پورہ وارپورہ سوپورکوپراسرار طور پر مردہ پایا گیا تھا۔متوفی نوجوان کے لواحقین بشمول مردوزن نے بدھ کی صبح سوپور،بانڈی پورہ روڑ پر جمع ہوکر احتجاج کیا۔وہ الزام لگارہے تھے کہ شہزاد ملک کوقتل کیاگیا ہے ۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ اس نوجوان کے مبینہ قتل کے معاملے کی فوری تحقیقات عمل میں لاکر ملوث افراد کوگرفتار کیاجائے ۔احتجاج کے دوران اُسوقت رقعت آمیزمناظر بھی دیکھے گئے ،جب احتجاج میں شامل متوفی یامقتول نوجوان کی ایک قریبی رشتہ دار خاتون بے ہوش ہوگئی ۔احتجاجی لوگوںکا کہنا تھا کہ شہزاد احمد کو قتل کیا گیا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا پولیس سے مطالبہ کیا ہے۔ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پہلے ہی مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔