rain

وادی کشمیر کے میدانی علاقوںمیں تیز بارشوں کا سلسلہ تھم گیا

بالائی علاقوں میںوقفے وقفے سے سلسلہ جاری،21تک موسم خراب رہنے کا امکا ن

سرینگر//وادی کشمیر کے ساتھ ساتھ جموںو اور لداخ میں اتوار کے روزموسم ابر آلودرہا ہے تاہم تیز بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں شام تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جارہ تھا۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے21جون تک موسم خراب رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال دگرگوں رہی، میدانی علاقوں میں شدید بارشیں اور بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے اتوار کو کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور دور افتادہ پہاڑوں پربرف باری جاری رہے گی۔ادھر جموں و کشمیر اور لداخ کے اونچے علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تازہ برفباری ہوئی ہے۔ امرناتھ ، گلمرگ کی عفروت پہاڑیوں، زوجیلا پاس اور دیگر اونچی جگہوں پر برف باری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہا، “اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر اور لداخ میں ہلکی بارش،برفباری کا امکان ہے”۔خیال رہے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بڑی خشک سالی کے بعدگزشتہ دنوںبارشوں کا سلسلہ شروع ہو اہے جس کے بعد ندی نالوں میں پانی کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد کسانوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پھر سے پنیری لگانے کے علاوہ دیگر زمینداری کا کام کرنا شروع کیا ہے ۔ اسی دوران سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 12.6، پہلگام 7.7 اور گلمرگ میں 3.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔