ہم انتخاب آزادنہ طو رپر لڑیں گے ، توقع کر رہے ہیں کہ یہ انتخابات لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہی ہوں گے/ فاروق عبد اللہ
سرینگر // انڈیا الائنس کو اس وقت ایک بڑ ا دھچکا لگا جب نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کسی بھی پری پول اتحاد کے لیے نہیں جائیگی ۔ اسی دوران انہوں نے کہا کہ ناانصافی، غربت، افلاس اور ظلم وستم کیخلاف جدوجہد نیشنل کانفرنس کی بنیاد رہی ہے اور یہ جماعت آج بھی انہی اصولوں پر قائم و دائم ہے، یہ جماعت جموں وکشمیر کے عوام کی اُمنگوں، آرزوئوں ، احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرتی رہے گی اور ہر حال میں اس قوم کے مفادات کا تحفظ کرنے میں پیش پیش رہے گی۔سی این آئی کے مطابق سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ این سی انتخابات سے پہلے کسی اتحاد میں شامل نہیں ہونے جا رہی ہے اور وہ آزادانہ طور پر الیکشن لڑے گی۔جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے کہا کہ وہ توقع کر رہے ہیں کہ یہ انتخابات لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہی ہوں گے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام کو وطن اور ضمیر فروش عناصر سے ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت یہ وطن اور ضمیر فروش افراد حقیر مفادات کیلئے جموں و کشمیر کے عوام کو مذہب، زبان اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی تگ و دو میں ہیں۔ ہمیں باہری اور اندرونی دشمنوں کو پہچان کر اُن کے ناپاک منصوبوں اور کوششوں کو خاک میں ملانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی وہ واحد سیاسی عوامی نمائندہ جماعت ہے جوجموں وکشمیر کو موجودہ دلدل سے نکال سکتی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم ہر حال میں نیشنل کانفرنس کی آبیاری کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں ایک خوشحال اور فارغ البال ماحول میں زندگی بسر کرسکیں۔ پارٹی سے وابستہ لیڈران، عہدیداروں اور کارکنوں کو وسیع عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس نے کہا کہ ہل کا نشان کو یاد رکھو، گھر گھر جاکر لوگوں کو کھڑا کرو، جماعت کو مضبوط کرو، جماعت مضبوطی ہوگی تو کامیابی اور کامرانی آپ کے قدم چومے گی۔










