صوفی پورہ میں سڑک کی حالت انتہائی خستہ

نووتھو سے منگہال،ملہ پورہ تک رابطہ سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ

لوگوں کوعبورومرور میں مشکلات کا سامنا ، متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی

سرینگر// وادی کشمیر میں سڑکوں کا جھال بچھانے کے دعویٰ کے بیچ نووتھو منگہال ملک پورہ سڑک کی خستہ حالی کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں عبور و مرور میں کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ سی این آئی نمائندے امان ملک نے اننت ناگ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی ضلع اننت ناگ کے بیشتر علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نمائندے کے مطابق نووتھو سے منگہال ملک پورہ تک کی رابطہ سڑک انتہائی خستہ ہوچکی ہے جس کے باعث لوگوں کو عبور و مرور میں پریشانیوں کا سامنا ہے۔ نمائندے نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نووتھو سے منگہال ملک پورہ تک نووتھو سے ملہ پورہ تک ہانجی دانتر صوفی محلہ سے تکہ بہرام شاہ تک رابطہ سڑکیں انتہائی خستہ ہو چکی ہے جبکہ معمولی بارشیں ہونے کے ساتھ ہی یہ سڑکیں جھیلوں جیسا رخ پیش کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑکوں کی حالت اس قدر خستہ ہو چکی ہے کہ لوگوں کا پید ل چلنا دشوار ہو گیا ہے اور گاڑیوں میں سفر کرنے کیلئے خدا ہی حافظ ہے۔ نمائندے کے مطابق سڑکوں کی خستہ خالی سے نہ صرف مسافرو ں بلکہ گاڑی والو ں کو بھی پریشانیوں کا سامنا ہے اور خستہ حال سڑکوں کے نتیجے میں ان کی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان ہو گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی ڈویڑن اننت ناگ سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں کی مرمت عمل میں لانے اور ان پر میکڈم بچھانے کا کام شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کے مسائل و مشکلات حل ہو سکے۔