لداخ کے ایل جی ونے کمار سکسینہ جسٹس بھاٹی

کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلائیں گے

سری نگر/یواین ایس/ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ 9 ستمبر کو ڈاکٹر جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلائیں گے۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب صبح 11 بجے سری نگر کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔اگست 2019 میں لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقہ بننے کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کو عہدے کا حلف دلائیں گے۔روایتی طور پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر ہائی کورٹ کے نو مقرر چیف جسٹس کو عہدے کا حلف دلاتے رہے ہیں، تاہم اس مرتبہ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کو جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی کو حلف دلانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جو لداخ کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 5 ستمبر کو راجستھان ہائی کورٹ کے جج جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا تھا۔ ان کی تقرری عہدے کا چارج سنبھالنے کی تاریخ سے مؤثر ہوگی۔جسٹس بھاٹی جسٹس سنجیو کمار کی جگہ لیں گے، جو 2 جون سے قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔اس سے قبل سپریم کورٹ کالجیم نے 31 اگست کو جسٹس بھاٹی کے نام کی سفارش جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر کی تھی۔جسٹس پشپیندر سنگھ بھاٹی ایک سینئر جج ہیں اور انہیں وسیع عدالتی تجربہ حاصل ہے۔ انہیں 16 نومبر 2016 کو ہائی کورٹ کے جج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔