’پہلے آئی ایف ایف جے کے‘کے جے اینڈ کے سلیکٹ سیکشن کیلئے پانچ فلمیں منتخب کی گئیں

’پہلے آئی ایف ایف جے کے‘کے جے اینڈ کے سلیکٹ سیکشن کیلئے پانچ فلمیں منتخب کی گئیں

سری نگر//جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے ہدایت کاروں کی پانچ فلمیں جموںوکشمیر کے پہلے بین الاقوامی فلم فیسٹول ( آئی ایف ایف جے کے)2026 کے مقابلہ جاتی زُمرے جے اینڈ کے سلیکٹ سیکشن کے لئے منتخب کی گئی ہیں۔ یہ فلمیںفیسٹول کے لئے تشکیل دی گئی پری ویو کمیٹی کی سفارش پر منتخب کی گئیںجس نے جمع شدہ اِندراجات کا جائزہ لینے اور ان کی فنی خوبیوں اور مقابلہ جاتی زُمرے کے لئے موزونیت کو پرکھنے کے بعد یہ سفارشات پیش کیں۔ یہ اِنتخاب مختلف نوعیت کی کہانیاں، اصناف اور نقطہ ہائے نظرپیش کرتا ہے بالخصوص جو جموں و کشمیر کے ثقافتی ورثے، سماجی حقائق اور اِنسانی تجربات سے جُڑی ہوئی ہیں۔منتخب فلموں میں محمد ولی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’’سرچنگ فار دی گرینڈ پا‘‘،روہن رویندرن نائر کی ہدایت کاری میں’’ عارفہ‘‘، سدھارتھ کول اور انکیت والی کی ہدایت کاری میں’’بٹ کوچ (دی لاسٹ لین)‘‘،کپل متو کی ہدایت کاری میں’’ تصرف دار (جنز آف کشمیر)‘‘ اور بابا تصدق حسین کی ہدایت کاری میں’’ نقشِ دور ‘‘( غلام نبی دھرکی کہانی) شامل ہیں۔کشمیری اور ہندی زبانوں پر محیط یہ فلمیں بچپن،کنبے اور یادداشت سے لے کر نقل مکانی، شناخت، ورثہ، استقامت اور کشمیر کے بدلتے ہوئے سماجی منظرنامے تک کے موضوعات کو اُجاگر کرتی ہیں۔’سرچنگ فار دی گرینڈ پا ‘عید کے موقعے پر ایک کشمیری گاؤں میں دو کم عمر بہن بھائیوں کی کہانی بیان کرتی ہے۔ عارفہ ایک ایسی خاتون کے گرد گھومتی ہے جو کشمیر میں اَپنے آبائی گھر واپس آتی ہے اور اَپنے بچپن اور والد کی یادوں کا سامنا کرتی ہے۔ ’بٹ کوچ ‘ایک کشمیری مائیگرنٹ کی کہانی کے ذریعے نقل مکانی، شناخت اور گھر کے دیرپاتصور کو اُجاگر کرتی ہے۔’ تصرف دار (جنز آف کشمیر)‘ اسرار، یادداشت اور کشمیر کے ماضی کے زخموں کو ایک ساتھ پروتی ہے جبکہ’ نقشِ دور ‘ سری نگر کے پرانے شہر میں پدم شری اعزاز یافتہ ایک ووڈکارونگ کرنے والے کی زِندگی اور میراث کی عکاسی کرتی ہے جو کشمیر کی کاریگری، ورثے اور استقامت کواُجاگرکرتی ہے۔منتخب شدہ فلمیں چار روزہ اِنٹرنیشنل فلم فیسٹول کے مقابلہ جاتی پروگرام کا حصہ بنیں گی جو ناظرین و سامعین اور فلم سازوں کو جموں و کشمیر کی منفرد سنیمائی آوازوں اور کہانیوں سے روشناس ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔