نجی اسکولوں میں من مانا اضافہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

نجی اسکولوں میں من مانا اضافہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

پونچھ//ٹی ای این / /جموں و کشمیر انتظامیہ نے ضلع پونچھ کے سب ڈویژن مینڈھر میں نجی اسکولوں کی جانب سے مبینہ طور پر زائد فیس وصولی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔سرکاری حکم نامے کے مطابق سب ڈویڑنل مجسٹریٹ مینڈھر، عمران رشید کٹاریہ (جے کے اے ایس) نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے اس کمیٹی کے قیام کی ہدایت دی۔ تشکیل دی گئی کمیٹی میں تحصیلدار مینڈھر، ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ ہیڈکوارٹر مینڈھر اور زونل ایجوکیشن آفیسر مینڈھر شامل ہیں۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے فیسوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور زائد وصولی کے معاملات کی مکمل جانچ کرے اور تین دن کے اندر اندر اپنی تفصیلی رپورٹ ایس ڈی ایم دفتر کو پیش کرے تاکہ مزید ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کمیٹی مقررہ مدت کے اندر رپورٹ پیش کرنے کو یقینی بنائے۔ اس اقدام کو عوامی حلقوں میں بڑھتی ہوئی تشویش کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں والدین نے نجی اسکولوں کی من مانی فیس پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔مقامی لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس تحقیقات کے ذریعے حقائق سامنے آئیں گے اور اگر بے ضابطگیاں ثابت ہوئیں تو ذمہ دار اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس سے والدین کو راحت ملے گی اور تعلیمی نظام میں شفافیت کو فروغ حاصل ہوگا۔