رواں سال 320اسمگلر گرفتار،54پرPSAکااطلاق ،200سے زیادہ مقدمات درج،کروڑوں مالیت کی منشیات ضبط،جائیداد کی قرقی
بارہمولہ//منشیات کو ترک کرئونعرے کیساتھ بارہمولہ پولیس کی منشیات مخالف مہم جاری ہے ،اور رواں سال ابتک ضلع کی حدودمیں 320سے زیادہ منشیات اسمگلروںکی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اوراُن کی تحویل سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے ضبط کی گئی ۔اس دوران 54انتہائی مطلوب اور عادی منشیات فروشوں پرPIT-NDPSایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹPSAلاگو کرکے اُنھیں مختلف جیلوںمیں منتقل کیاگیا ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق ایک بیا ن میں بارہمولہ پولیس نے کہاکہ رواں سال کے دوران بارہمولہ ضلع میں54 انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ منشیات کے اسمگلروں کے خلافPIT-NDPSایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹPSAکے تحت مقدمہ درج کیا،اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری آپریشن اور معاشرے سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے ضلع میں54منشیات اسمگلروں کے خلاف مجاز حکام سے باضابطہ نظر بندی کے احکامات حاصل کرنے کے بعداُنھیں مختلف جیلوں میں منتقل کیاجہاں وہ زیر حراست ہیں۔ پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سخت گیریا عادی منشیات فروش بارہمولہ ضلع کے اْوڑی، پٹن، بارہمولہ، کریری اور ٹنگمرگ سب ڈویڑنوں میں سرگرم تھے ۔ پولیس نے کہا کہ متعدد ایف آئی آر میں ملوث ہونے کے باوجود عادی منشیات فروشوں نے اپنی سرگرمیوں کو درست نہیں کیا اور دوبارہ مقامی نوجوانوں کو منشیات فراہم کرکے منشیات کے استعمال کو فروغ دینے میں ملوث ر ہے۔پولیس نے کہاکہمنشیات فروشوں کے خلاف مسلسل کارروائی سے زمینی صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے اور بارہمولہ ضلع میں منشیات کے استعمال میں کافی کمی آئی ہے۔شہریوں نے پولیس کی کاوشوں کو سراہا ہے اور پولیس کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔بارہمولہ پولیس نے عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشوں کی معلومات کے ساتھ آگے آئیں (شناخت کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا) تاکہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پولیس کا ساتھ دیا جا سکے۔اس دوران معلوم ہواکہ بارہمولہ پولیس نے رواں سال ابتک 320سے زیادہ منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لائی ،اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف 210سے زیادہ کیس مختلف پولیس تھانوںمیں درج کئے گئے ہیں ۔پولیس کے مطابق رواں سال ماہ اگست تک بارہمولہ ضلع میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 210سے مقدمات درج کیے گئے ہیں اور رواں سال کے دوران 320سے زیادہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے ترجمان نے رواں ماہ کے اوائل میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بارہمولہ میں رواں سال کے دوران منشیات کے اسمگلروں کی لاکھوں روپے کی جائیداد بھی ضبط کی گئی ہے۔پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس نے سال2023میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور نشہ آور اشیاء کو بھی برآمد کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے منشیات اسمگلروں کی 68.05 لاکھ روپے کی مالیت کی جائیداد ضبط کی گئی ہے جس میں بارہمولہ ضلع کے پٹن، کریری اور کمال کوٹ علاقوں میں2مکانات، 2 گاڑیاں اور 41.72 لاکھ روپے شامل ہیں۔










