حکومت ملک کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے تعلیم کو مستحکم کرنے کیلئے مسلسل کوشاں / امیت شاہ
سرینگر // ملک کیلئے مرنے کی نہیں بلکہ جینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ بچوں کو اچھی اور معیاری تعلیم دینا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے تعلیم کو مستحکم کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گجرات کی ترقی میں کدوا پاٹیدار برادری کے کردار کی تعریف کی۔ احمد آباد میں کدوا پاٹیدار برادری کی طرف سے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی موجودگی میں بنائے گئے ہاسٹل کمپلیکس کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج مرنے کی نہیں ملک کیلئے جینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ’’ آپ ایک اچھے آئی اے ایس آفیسر، آئی پی ایس آفیسر، سی اے، ڈاکٹر، اچھے شہری یا گھریلو بن سکتے ہیں، لیکن آپ کو ملک کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ کدوا پاٹیدار برادری نے سماج، ریاست اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ گجراات اور پاٹیدار برادری کی ترقی متوازی طور پر ہوئی ہے۔ اپنی محنت کے ذریعے، کدوا پاٹیدار برادری نے اپنی ترقی کے ساتھ ساتھ ریاست اور ملک کی ترقی میں بھی اہم حصہ ڈالا ہے۔ ‘‘ اپنے ہاسٹل کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے، انہوں نے گرہپتی شری نٹو بھائی پٹیل کے نظم و ضبط اور طلباء کی دیکھ بھال کے بارے میں پیار سے بات کی۔ انہوں نے طلباء کو عزم اور مسکراہٹ کے ساتھ چیلنجوں کا سامنا کرنے کی ترغیب دی، انہیں زندگی کے اہداف طے کرنے اور حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’بچوں کو اچھی اور معیاری تعلیم دینا بہت ضروری ہے۔ حکومت ملک کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے تعلیم کو مستحکم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔‘‘شاہ نے احمد آباد میں ایک نئے ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا بھی افتتاح کیا۔ شاہ نے ایکس پر پوسٹ کیا’’30کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا، آٹھ منزلہ ہسپتال میں روبوٹک سرجری اور کارڈیک کیئر سینٹر جیسی جدید ترین سہولیات موجود ہیں‘‘۔










