Union Minister of State for Social Justice & Empowerment visits Kulgam

مرکزی وزیر مملکت سوشل جسٹس و امپاورمنٹ نے کولگام کا دورہ کیا

کولگام//مرکزی حکومت کے جاری عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت سوشل جسٹس و امپاور منٹ اے نارائن سوامی نے ضلع کولگام کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر موصوف نے کئی تقریبات اور سرگرمیوں میں حصہ لیا جس میں اَفسران اور قبائلی وفود نے شرکت کی۔اُنہوں نے ترقیاتی منصوبوں کا اِفتتاح کیا اور متعدد عوامی وفود ، پنچایت راج اِداروں کے اَرکان ، ایس ایچ جی کے اَرکان اور قبائلی وَفود کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔مرکزی وزیر مملکت سوشل جسٹس و امپاور منٹ اے نارائن سوامی نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری کولگام میں سکولی اِضافی بلاک جس کی تخمینہ لاگت 61.58 لاکھ روپے ہے ، کا افتتاح کیا۔اتل انوویشن لیبارٹری کا اِفتتاح بھی وزیر موصوف نے اِسی سکول میں کیا۔ سکولی بچوں نے رنگارنگ ثقافتی پروگرام اور حب الوطنی کے گیت بھی پیش کئے۔اِن طلاب نے اَپنے کارناموں ، اختراعات اور ثقافتی اخلاق کو ظاہر کرتے ہوئے سٹا ل بھی لگائے تھے جن کا وزیر نے معائینہ کیا۔اُنہوں نے سکول کے مختلف حصوں کا بھی معائینہ کیا جن میں جڑی بوٹیوں کا باغ ، ماہی تالاب بھی شامل ہے ۔مرکزی وزیر مملکت نے سکول کے احاطے میں دیودار کا پودا بھی لگایا۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیئرپرسن محمد اَفضل پارے، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بشیر احمد ڈار ، ایس ایس پی جی وی سندیپ ، بی ڈی سی عابد حسین خان اور دیگر اَفسران موجود تھے۔مرکزی وزیر مملکت سوشل جسٹس و امپاور منٹ اے نارائن سوامی نے منی سٹیڈیم کولگام کے دورے کے دوران یہاں کرکٹ ، والی بال ، کبڈی اور کھوکھو میں لڑکیوں کے لئے بین زون ضلعی سطح کے مقابلے کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے کھلاڑیوں سے بھی بات چیت کی اور اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے وزیر اعظم کی سربراہی میں حکومت کی جانب سے ملک بھر میں کھیل ثقافت کو فروغ دینے کے اِقدامات پر روشنی ڈالی ۔اُنہوں نے مقامی کھلاڑیوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے زُمرے میں اَپنی جگہ بنائی ہے ۔بعد میں مرکزی وزیر مملکت نے ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر کا اِفتتاح کیا جس پر 1.44 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت آئی ہے ۔ایک تقریب کے دوران وزیر موصوف نے موٹر سائیکل ، ٹرائی سائیکل ، وہیل چیئر، آلات سماعت اور منظور نامے مستحقین میں تقسیم کئے۔وزیر موصوف نے متعلقہ افراد سے کہا کہ وہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لئے استفادہ کرنے والوں اور سماجی بہبود سکیموں کے بارے میں عوامی بیداری میں اَپنا کردار اَدا کریں تاکہ ان کے فوائد زمینی سطح پر دیکھنے کو ملے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کوروزی کمانے کی خاطر اَپنے یونٹ قائم کرنے کے لئے قرض اور خود روزگار پیدا کرنے کی سکیمیں متعارف کرائی ہیں۔اِس سے قبل وزیر نے این آر ایل ایم کے سیلف ہیلپ گروپوں کے اَرکان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جنہوں نے وزیر کے ساتھ اَپنی کامیابی کی کہانیاں شیئر کیں۔وزیر موصوف نے ٹیکہ کاری سینٹر کا بھی دورہ کر کے ویکسی نیشن عمل کا جائزہ لیا ۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے وزیر کو جانکاری دی کہ ضلع تمام اہل آبادی میں صد فیصد ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل کرچکا ہے جس پر وزیر موصوف نے سراہا۔بعد میں وزیر نے ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی اور دیگر پی آر آئیز ، میونسپل کمیٹیوں کے صدور اور دیگر یو ایل بی ممبران اور کونسلروں کے ساتھ ایک اِستفساری میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ، ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ، سینئر سپراِنٹنڈنٹ پولیس اور دیگر ضلعی اور سیکٹورل اَفسران نے بھی شرکت کی۔