کشمیر محفوظ ،سیاحوں کو نہ صرف قدرتی حسن بلکہ اس کے بھرپور ثقافتی ورثے کو دیکھنے کیلئے جانا چاہیے/ مرکزی وزیر سیاحت
سرینگر / سی این آئی // مرکزی سرکار جموں کشمیر میں امرناتھ یاتریوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے کی بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ میں ہندوستان کے 140 کروڑ لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیر کے ورثے، اس کی تاریخی عظمت اور دیوتا کے ساتھ ساتھ اس کی قدرتی خوبصورتی کو بھی دیکھنے کی کوشش کریں۔سی این آئی کے مطابق مرکزی وزیر سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے جنوبی ضلع اننت ناگ کے مٹن واقع مرتند سورج مندر کا دورہ کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا ’’لوگوں کو امرناتھ یاترا کے لیے آنا چاہیے۔ امرناتھ یاترا محفوظ ہے، حکومت ہند اور ریاستی حکومت پرعزم ہے اور آپ کو ایک خراش تک نہیں آئے گی‘‘۔ شیخاوت نے پہلگام کے قریبی سیاحتی مقام کا بھی دورہ کیا جہاں 22 اپریل کو دہشت گردوں نے حملہ کر کے 25 سیاحوں اور ایک مقامی ٹٹو آپریٹر کو ہلاک کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر محفوظ ہے اور سیاحوں کو اس وادی کا نہ صرف قدرتی حسن بلکہ اس کے بھرپور ثقافتی ورثے کو دیکھنے کیلئے جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا ’’میں ہندوستان کے 140 کروڑ لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیر کے ورثے، اس کی تاریخی عظمت اور دیوتا کے ساتھ ساتھ اس کی قدرتی خوبصورتی کو بھی دیکھنے کی کوشش کریں۔‘‘وادی میں مشہور تاریخی یادگاروں کے تحفظ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہا کہ کچھ بحالی کے کام کئے گئے ہیں، لیکن مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا ’’وہ یادگاریں جو آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے تحت آتی ہیں، تنظیم ان کے تحفظ کے لیے کام کرتی ہے، اور ریاستی حکومت ان اثاثوں کی حفاظت کرتی ہے جو ریاستی آثار قدیمہ کے تحت آتے ہیں‘‘۔شخاعت نے کہا ’’میں نے دیکھا ہے کہ بحالی کے کام ہوتے ہیں اور وہ بہت اچھے طریقے سے انجام پاتے ہیں، لیکن صدیوں پرانے اس ورثے پر مزید سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، اور ہم یہ کر رہے ہیں، تاکہ ملک کے لوگ مستقبل میں بھی اپنے ورثے پر فخر کریں‘‘۔مرکزی وزیر نے مندر کے دورے کے بعد ایکس پر بھی جانا۔شیخاوت نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’’عالی شان مارتنڈ مندر کا دورہ کیا، جو کشمیر کے تہذیبی ماضی کی شان کا گہرا عکاس ہے۔ افسانوی بادشاہ للیتادتیہ کے ذریعہ تعمیر کیا گیا، سوریا کے لیے وقف یہ عظیم الشان مندر ہندوستان کے قدیم ترین اور سب سے شاندار سورج مندروں میں سے ایک تھا۔ ‘‘ وزیر نے پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ علاقے میں اونتی سوامی مندر کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے کہا ’’ آج کشمیر کے اونتی پورہ مندر کے احاطے میں ایک سحر انگیز صبح۔ یہ پتھر جو ایک زمانے میں بادشاہ اونتی ورمن کے ذریعہ تعمیر کیے گئے طاقتور مندروں کے باقیات ہیں جو اس دور کی ثقافتی عظمت کی کہانیاں سناتے ہیں‘‘۔مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ ڈیرڈھ ماہ میں جس طرح سیاحت بحال ہوئی ہے انتظامیہ دسمبر تک پہلگام سے پہلے کی حیثیت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔