سری نگر//بانڈی پورہ ،بجبہاڑہ ،پونچھ اوررام بن میں مختلف نوعیت کے حادثات میں4افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 2نوعمر لڑکوں اور2خواتین سمیت 6افراد کواسپتال میں داخل کیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کی ولر جھیل میں جمعہ کو کشتی الٹنے سے ایک نوجوان ڈوب گیا جبکہ اس کے بھائی اور ایک چچازاد بھائی کو بچا لیا گیا۔حکام نے بتایا کہ2بھائی مظفر احمد اور ظفر احمد پسران فاروق احمد کاوا اور ان کے چچازادبھائی بلال احمد ولد محمد اشرف جمعہ کے روز ایک کشتی میں گھاس جمع کر رہے تھے کہ وُلر جھیل میں ان کی کشتی اُلٹ گئی۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھیل وُلرمیں کشتی اُلٹنے کے اس حادثے میں20سالہ نوجوان مظفراحمد کی موت واقعہ ہوگئی ،تاہم اُسکے بھائی 16سالہ بلال احمد اورچچازادبھائی17سالہ ظفراحمد کوفوری کاروائی عمل میں لاکر بچا لیا گیا ۔پولیس افسر نے مزید کہا کہ قانون کے متعلقہ سیکشن کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔اس دوران جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے بجبہاڑہ میں جمعہ کی دوپہرکو دریائے جہلم میں ریت نکالنے کے دوران ایک مزدور کی ڈوبنے سے موت واقعہ ہوگئی۔معلوم ہواکہ خلیل احمد چوہان ولدعبدالرحیم ساکن ٹنگہ ہاڑہلر ارہامہ کوکرناگ ریت نکالنے کے دوران دریاجہلم میں ڈوب گیا۔ مقامی لوگوں اور پولیس نے ڈوبنے والے شخص کو بچانے کی فوری کوششیں شروع کیں اور بعد میں اسے بے ہوشی کی حالت میں نکالاگیا۔ اسے قریبی طبی مرکز لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ ضروری طبی و قانونی کارروائیوں کے بعدمتوفی شخص کی نعش لواحقین کے حوالے کر دی گئی جبکہ اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ۔اُدھر صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں جمعہ کو ایک ٹپر کے حادثے کا شکار ہونے سے2 افراد ہلاک ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مینڈھر سے پونچھ جاتے ہوئے ٹپرزیرنمبرJK12B-1569 نابنا میجر موڑ سلنائی کے قریب پہنچ کر ایک کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک 28 سالہ شخص جاوید احمد ولد محمدرفیق ساکنہ درہ دُلیاں پونچھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔جبکہ افراز احمد (گاڑی کا ڈرائیور) ولد جہانگیر خان ساکنہ پلیاں زخمی ہوگیا۔ اسے سنگین حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ایس ایچ او میندھر منظور کوہلی نے حادثے اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔دریں اثناء رام بن سڑک حادثہ میں 2خواتین سمیت4 امرناتھ یاتری زخمی ہوگئے ۔ذرائع نے بتایا کہ یاتریوں کو لے جانے والی ایک ٹیمپو گاڑی سری نگر-جموں قومی شاہراہ پر بانہال کے علاقے شیربابی کے قریب جمعہ کو صبح 6 بجے کے قریب الٹ گئی، جس کے نتیجے میں چار مسافر زخمی ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ایس ڈی ایچ بانہال لے جایا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔اس حادثے میں زخمی ہونے والے یاتریوں کی شناخت یوپی کے کندن کمار، ونائک گپتا، انیتا گپتا اور گوڈیا کے طور پر ہوئی ہے جو سبھی چھتیس گڑھ کے رہنے والے ہیں۔










