محکمہ زراعت کشمیر کے زیر اہتمام جشن زعفران کا اِنعقاد

جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے تحت حکومت نے فصلوں کے فروغ کیلئے خصوصی منصوبے کی منظوری دی ہے ۔ شبنم کاملی

سری نگر//محکمہ زراعت کشمیر نے آج اِنڈیا اِنٹرنیشنل کشمیر زعفران ٹریڈ سینٹر( آئی آئی کے ایس ٹی سی) دوسو پانپور میں دو روزہ جشنِ زعفران کا اہتمام کیا۔ تقریب کا اِفتتاح سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شبنم کاملی نے کیا۔تقریب میں ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیرجی آر میر،مختلف متعلقہ محکموں کے سربراہان، بی ڈی سی کاکاپورہ عمر جان، ڈی ڈی سی کاک پورہ عبدالقیوم میر، ممبران کسان بورڈ، جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن جی ایم دھوبی، جوائنٹ ڈائریکٹر ایگری کلچر اِن پٹس تبسم ناز، چیف ایگری کلچر آفیسر پلوامہ محمد اقبال خان، زعفران کے کاشتکار، مختلف تعلیمی اِداروں کے طلبأ اور زراعت اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری زرعی پیداوار نے دو روزہ تقریب کے اِفتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے زرعی معیشت کی مجموعی ترقی اور پانپور علاقے کے زعفران کاشتکاروں کی سماجی و اِقتصادی تبدیلی میں کشمیر زعفران کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ محکمہ علاقے کی کسان کمیونٹی کی ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جی آئی ٹیگ حاصل کرنے کے بعد کشمیر زعفران قومی اور بین الاقوامی سطح پر نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔شبنم کاملی نے کسانوں سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور محکمہ کے مختلف اَقدامات سے فائدہ اُٹھائیں۔ اُنہوں نے زعفران کاشتکاروں سے کہا کہ وہ آئی آئی کے ایس ٹی سی میں اپنے لئے دستیاب سائنسی سہولیات سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔سیکرٹری موصوفہ نے شرکأکو بتایا کہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی )کے تحت حکومت نے زعفران سمیت مخصوص فصلوں کے فروغ اور ترقی کے لئے ایک خصوصی منصوبے کی منظوری دی ہے ۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تمام تر کوششیں کریں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر زعفران کاشت کارزعفرانی شعبے کی ترقی کے لئے حکومت کے پروگراموں،سکیموںسے واقف ہو۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کے لئے بیداری پروگرام منعقد کریں اور اُنہیں زعفران سمیت مختلف فصلوں سے متعلق مختلف مہارتوں اور تکنیکوں کی تربیت دیں۔ڈائریکٹر زراعت کشمیر نے سیشن میں کلیدی خطبہ پیش کیا او رزعفران کی فصل کے مجموعی منظر نامے کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی ۔اُنہوں نے گذشتہ چند برسوں کے دوران محکمہ کی طرف سے کی گئی مختلف اقدامات کی تفصیلات بنائیں۔شبنم کاملی نے آئی آئی کے ایس ٹی سی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا جہاں اُنہیں متعلقہ ماہرین نے بریفنگ دی۔ اُنہوں نے زراعت اور متعلقہ محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی معائینہ کیا۔اِس سے قبل جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت ایکسٹینشن جی ایم دھوبی نے دو روزہ میلے کا خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا۔اِس موقعہ پرایک ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیا گیا جس میں لوک فنکاروں اور مختلف تعلیمی اِداروںکے طلبأ نے اَپنی پرفارمنس سے شرکأ کو محظوظ کیا۔