دھیرج گپتا نے شنکرا چاریہ جنگلات کی یاد گاری تقریب میں شرکت کی
سری نگر//پرنسپل سیکرٹری جنگلات و ماحولیات دھیرج گپتا نے پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ اینڈ ایچ او ایف ایف روشن جگی کے ساتھ آج یہاں شنکر اچاریہ جنگلات سری نگر میں واقع فارسٹ میموریل میں جنگلات اَفسران اور فرنٹ لائن عملے کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لئے قومی جنگلات کے شہدا ٔ کے دِن میں شرکت کی۔تقریب میں محکمہ جنگلات کے مختلف وِنگوں کے دیگر اَفسران اور فرنٹ لائن سٹاف نے شرکت کی اور جنگلات کے اَفسران اور ملازمین کی قربانیوں کی یاد گاری پر گل دائرے چڑھائے۔اِس موقعہ پر جموںوکشمیر کے مختلف حصوں میں بھی اِسی طرح کی تقریبات کا اِنعقاد کیا گیا۔ہر برس 11؍ ستمبر کو جنگلات کے شہدأ کا دِن منایا جاتا ہے تاکہ جنگلات ، وائلڈ لائف اور دیگر متعلقہ ماحولیاتی مسائل کے تحفظ کے لئے کام کرنے والے جنگلات کے اَفسران اور فرنٹ لائن عملے کی قربانیوں کو یاد کیا جاسکے ۔یہ دِن قومی سطح پر بھی منایا جاتا ہے تاکہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے جنگلات ، وائلڈ لائف اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی ضرورت کو اُجاگر کیا جاسکے ۔ اِس مشکل کام کو پور اکرنے کے لئے جنگلات کے اَفسران اور فرنٹ لائن سٹاف جو دُور دراز اور دشوار گزار جنگلاتی علاقوں میں مشکل حالات میں اَپنے فرائض سر اَنجام دیتے ہیں، اُنہیں جدید ٹیکنالوجی ، جدید ترین آلات اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔جموںوکشمیر میں اَب تک 85 فارسٹ افسران اور فارسٹ ملازمین نے اُبھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے فرنٹ لائن فارسٹ سٹاف کی مختلف صلاحیتوں کے ساتھ اَپنے فرائض اَنجام دیتے ہوئے اَپنی جانیں قربان کی ہیں ۔ محکمہ جنگلات نے گزشتہ کچھ برسوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور فرنٹ لائن عملے کی کام کرنے کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے مختلف اَقدامات کئے ہیں۔اِس سلسلے میں دُور دراز علاقوں میں کام کرنے والے فرنٹ لائن عملے کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے ، ٹرانسپورٹیشن اور تربیت اور استعداد کار کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی ہے ۔ کام کو جدید بنانے اور فیلڈ سٹاف کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے آئی سی ٹی ایپلی کیشنز کو تیزی سے اِستعمال کیا جارہا ہے ۔مرکزی وزارتِ ماحولیات و جنگلات اور سی سی نے 1730 کے بدنام زمانہ کھجر لی قتل عام کے اعتراف میں سال 2013 میں 11؍ ستمبر کو قومی جنگلات کے شہدأ کا دِن قرار دیا تھا۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ محکمہ جنگلات کے فرنٹ لائن عملے کو اَپنے فرائض کی اَنجام دہی کے دوران مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن میں جنگل کے مجرموں اور لکڑی سمگلروں کے حملے ، جنگلی جانوروں کے حملے اور ناگوار علاقوں اور سخت موسمی حالات کی وجہ سے کام کرنے کے دیگر مشکل حالات شامل ہیں۔










