کہا، ’رَن فار یونٹی‘ اِجتماعی عزم اور یقین کی طاقت کا نام ہے ۔جب لوگ ایک ساتھ چلتے ہیں تو کوئی منزل ناممکن نہیں رہتی
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ’کشمیر میراتھن۔ رَن فار یونٹی‘کی اِختتامی تقریب میں شرکت کی۔ اُنہوں نے اِس ایونٹ میں حصہ لینے والے نوجوانوں کے جوش وخروش اور توانائی کی سراہنا کی، تمام دوڑنے والوں کومُبارک باد دِی اور میراتھن کے اِنعقاد پرجموں وکشمیر کی ستائش کی،یہ میراتھن اَب یونین ٹیریٹری میں اَمن ، اتحاد اور ترقی کی علامت بن چکی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں کہاکہ ’’ رَن فار یونٹی‘‘ کی دوڑ محض رفتار یا برداشت کا نام نہیں بلکہ اِجتماعی عزم اور یقین کی طاقت کا نام ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس دوڑنے چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے عزم اور اتحاد کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔انہوں نے کہا،’’رن فار یونٹی کی دوڑ محض ہمارے قدموں کی رفتار نہیں ہے۔ یہ ہمارے عزم کی رفتار ہے اور اس یقین کی رفتار ہے جو ہمیں بتاتا ہے کہ جب لوگ ایک ساتھ چلتے ہیں تو کوئی منزل ناممکن نہیں رہتی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے ہندوستان کے تنوع کو اس کی سب سے بڑی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ زبان، روایات، کھانے اور لباس میں فرق کے باوجود ہندوستان کی دھڑکن ایک ہی ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ اتحاد ہندوستان کی طاقت ہے اور جب لاکھوں قدم ایک ہی سمت میں بڑھتے ہیں تو بلند ترین پہاڑ بھی عبورکیا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’کشمیر میراتھن۔ رن فار یونٹی ‘‘کے ذریعے نوجوانوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ متحد ہندوستان کے لئے کوئی بھی ہدف دور نہیں ہے ۔ تمام دوڑنے والوں نے باور کرایا ہے کہ ان کی شرکت ایک مشترکہ مستقبل میں سرمایہ کاری ہے اور ان کی یہ دوڑ صرف اپنے لئے نہیں بلکہ جموں و کشمیر کی نئی نسل کے لئے بھی ہے جو ایک بہتر ہندوستان کا خواب دیکھتی ہے اور ان نوجوانوں کے لئے بھی جو جموں و کشمیر کو ایک خود کفیل اور ترقی یافتہ یونین ٹیریٹری بنانے کے لئے دِن رات کوشاں ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، تندرستی اور بھائی چارے کو اَپنائیں اور منشیات سے دور رہیں۔ اُنہوں نے 100 روزہ ’’نشہ مکت جموں و کشمیر مہم‘‘ کی کامیابی کا ذکر کیاجس نے پدیاترائوں اور شہری سرگرمیوں کے پروگراموں کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو بااختیار بنایا۔ اُنہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ’’فِٹ انڈیا موومنٹ‘‘ کے برانڈ ایمبیسڈر بنیں اور قوم کی تعمیر میں اپنا کردار اَدا کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ میراتھن کی اصل جیت صرف فنش لائن تک پہنچنے میں نہیں بلکہ ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر اور ساتھ مل کر آگے بڑھنے میں ہے۔انہوں نے کہا،’’آئیے یہ عہد کریں کہ اگرچہ ہم مختلف راستوں سے آئے ہیں، لیکن ہماری منزل ایک ہے۔ ہماری شناختیں متعدد ہو سکتی ہیں مگر ہماری قومی شناخت ایک ہے۔ ہماری رفتار مختلف ہو سکتی ہے لیکن ہمارا ہندوستان ایک اور اٹوٹ ہے اور وِکست بھارت 2047 کے عزم کے ساتھ یہ مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔‘‘اِس برس’’کشمیر میراتھن۔ رن فار یونٹی‘‘ میں مختلف زُمروں میںزائد اَز 6000 رنروں نے حصہ لیا۔اعزازی تقریب میں ڈی جی پی نلین پربھات، اے ڈِی جی پی آرمڈ پولیس نتیش کمار، اے ڈِی جی پی سی آئی ڈی ایم کے سنہا، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے سینئر افسران،کھیلوں کی ممتاز شخصیات اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔










