رائے گڑھ میں پونے کے 8 طلبہ سمندر میں غرق

رائے گڑھ// ایجنسیز // مہاراشٹرا کے رائے گڑھ ضلع کے مشہور سیاحتی مقام دیواگر ساحل پر جمعرات کو ایک دردناک حادثہ میں پونے کے 8 طلبہ سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق تمام مہلوک طلبہ کی عمر 16 سال کے لگ بھگ تھیں ۔ حادثے کے بعد تمام نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق پونے ضلع کے آلندی میں واقع ایک خانگی کوچنگ سنٹر وِنرس اکیڈمی سے 48 افراد پر مشتمل ایک گروپ پکنک کیلئے دیواگر پہنچا تھا۔ گروپ میں 25 لڑکے، 17 لڑکیاں اور 6 اساتذہ شامل تھے۔ شام تقریباً 5.30 بجے 8 طلبہ سمندر میں اتر گئے۔ سمندر کی گہرائی اور تیز لہروں کا صحیح اندازہ نہ ہونے کے باعث وہ تیز بہاؤ کی زد میں آکر بہہ گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی واٹر اسپورٹس آپریٹر بھاؤ ماروتی سالونکے اور ان کی ٹیم نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی۔ ٹیم نے سمندر سے تمام 8 طلبہ کی نعشیں برآمد کرلیں۔ چیف منسٹردیویندر فڑنویس نے اس حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ گریش مہاجن نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی دوروں کے دوران طلبہ کی سلامتی کے سلسلے میں نئے حفاظتی رہنما خطوط جاری کیے جائیں گے۔ اس حادثہ کے بعد علاقہ میں غم کا ماحول دیکھا گیا اطلاع ملنے پر مہلوکین کے گھروں میں کہرام مچ گیا ۔