جاوید ڈار نے جموںوکشمیر کو صاف ، دیرپاور خود کفیل بنانے کیلئے اِجتماعی اقدامات پر زور دیا

بارہمولہ//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اورالیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج گورنمنٹ ڈِگری کالج ٹنگمرگ میں مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقعے پر منعقدہ ’سوچھتا ہی سیوا‘ کی اِختتامی پروگرام او اِصلاحات اُتسو‘ ( گرام سبھا)کے آغاز کی تقریب میں شرکت کی۔یہ تقریب ڈائریکٹوریٹ آف رورل سینی ٹیشن، رورل ڈیولپمنٹ اور پنچایتی راج جموں و کشمیر کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔اِس تقریب کا مقصد صفائی، عوامی شرکت اور نچلی سطح پر ترقی کے پیغام کو تقویت دینا تھا۔اِس موقعہ پررُکن اسمبلی گلمرگ پیرزادہ فاروق احمد شاہ، ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن، آر ڈِی اینڈ پی آر جموں و کشمیر انو ملہوترا، اے سی ڈِی بارہمولہ، پرنسپل گورنمنٹ ڈِگری کالج ٹنگمرگ ، ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور ٹنگمرگ وملحقہ علاقوں کے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیر جاوید احمد ڈار نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مہاتما گاندھی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں ان کی بے مثال خدمات کو یاد کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سچائی، عدم تشدد، محنت کے وقار، صفائی، خود انحصاری اور اِنسانیت کی خدمت پر مبنی معاشرے کے بارے میں گاندھی جی کا تصور آج بھی دیرپا اہمیت رکھتا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ گاندھی جی صفائی کو محض ذاتی عادت نہیں بلکہ اِجتماعی سماجی ذِمہ داری سمجھتے تھے ۔اُنہوںنے صفائی ستھرائی، محنت کے وقاراور دیہی کمیونٹیوںکی ترقی کو بہت اہمیت دِی۔ اُنہوں نے کہا کہ بااختیار دیہات اور مقامی معاملات میں عوام کی فعال شرکت پر مبنی گاندھی جی کا ’گرام سوراج‘ کا تصور موجودہ دور میں بھی اِنتہائی اہمیت کا حامل ہے۔جاوید ڈار نے کہا، ’’صفائی ہی زِندگی ہے اور صفائی ستھرئی کسی ایک محکمے یا فرد کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی اجتماعی ذِمہ داری ہے۔‘‘ اُنہوں نے دیہاتوں، قصبوں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کے لئے مسلسل عوامی شرکت کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے آنے والی نسلوں کے لئے آبی ذخائر، قدرتی وسائل اور جموں و کشمیر کے نازک ماحولیاتی نظام کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر غیر معمولی قدرتی حسن اور وافر ماحولیاتی وسائل سے مالا مال ہے جس کے باعث ہر شہری پر ان کے تحفظ اور حفاظت کی یکساں اہم ذِمہ داری عائد ہوتی ہے۔اُنہوں نے ’ اِصلاحات اُتسو‘ کے آغاز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گاندھی جینتی کے موقعے پر اس اقدام کا آغاز خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ اس کا مقصد نچلی سطح پر شراکتی طرزِ حکمرانی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔وزیرموصوف نے کہا کہ گرام سبھائیں نچلی سطح کی جمہوریت کا ایک اہم ذریعہ ہیں جو شہریوں کو مقامی ترجیحات کی نشاندہی کرنے، ترقیاتی ضروریات پر غور و خوض کرنے اور اپنی کمیونٹیوںکی مخصوص ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبہ بندی میں حصہ لینے کا موقعہ فراہم کرتی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر کے عوام کے لئے صاف ستھرا، صحت مند، محفوظ اوردیرپا ماحول فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔اِس پروگرام کے ایک حصے کے طور پر شجرکاری مہم، کوئز مقابلہ اور صفائی ستھرائی کے کارکنوں کے لئے فلیگ آف تقریب کا اِنعقاد کیا گیا جس میں ماحولیاتی تحفظ، بیداری اور صفائی کے کام کے وقار کو اُجاگر کیا گیا۔وزیر نے صفائی کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت مند اور صاف ستھری کمیونٹیوں کو برقرار رکھنے میں ان کی خدمات کا اہم کردار ہے۔رُکن قانون ساز اسمبلی گلمرگ پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے بھی اِجتماع سے خطاب کیا اور صفائی ستھرائی، عوامی شرکت اوردیرپا دیہی ترقی کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔بعد میں وزیرجاویداحمد ڈار نے گورنمنٹ ڈِگری کالج ٹنگمرگ کا دورہ کیا اور کثیر المقاصد سپورٹس ہال اور لائبریری کم ریڈنگ روم کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے طالب علموںکے لئے دستیاب سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا اور طلبأ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ضروریات کے حوالے سے کالج اِنتظامیہ سے بات چیت کی۔